زہریلی گیس، حکام نے امریکی سویا بین کوکلین چٹ دیدی
شیئر کریں
محکمہ قرنطینہ نے امریکی سویابین کو محفوظ قرار دیتے ہوئے زہریلی گیس کے پھیلائو کا سبب بننے کا امکان مسترد کردیا۔ڈائریکٹر جنرل پلانٹ پروٹیکشن فلک ناز نے بتایا کہ سویابین میں کسی قسم کے حشرات یا مضر گیس کے اثرات نہیں ملے ، 15فروری کو قرنطینہ عملے نے ہرکولیس جہاز پر جاکر امریکا سے درآمدی سویا بین کا تجزیہ کیا اور قرنطینہ جانچ کی، تاہم اس کے نمونوں میں کسی قسم کے زرعی حشرات نہیں پائے گئے ۔ فلک ناز نے بتایا کہ سویابین کی کھیپ کو امریکا سے روانگی سے قبل فاسفین کی گولیوں سے ٹریٹ کیا گیا تھا اور کراچی کی بندرگاہ پہنچنے کے بعد فاسفین کے اثرات ختم ہوچکے تھے ، اس لیے کراچی کی بندرگاہ پر آف لوڈنگ سے قبل اس پر کیڑے مار ادویات کا اسپرے نہیں کیا گیا کیونکہ کراچی بندرگاہ پہنچنے پر اگر زرعی مصنوعات حشرات سے پاک ہوں تو کیڑے مار ادویات کا اسپرے نہیں کیا جاتا۔علاوہ ازیں کراچی کے ضیا الدین ہسپتا ل کیماڑی میں گیس سے متاثرہ 82 افراد لائے گئے جنہیں فوری طبی امداد فراہم کرنے کے بعد ہسپتا ل سے فارغ کردیا گیا، متاثرہ افراد میں سے کسی کی حالت تشویشناک نہیں تھی۔ ترجمان ہسپتا ل کے مطابق متاثرہ افراد جیکسن، ڈاکس، ریلوے کالونی، مجید کالونی، شیریں جناح کالونی، سکندر آباد اور دیگر علاقوں کے رہائشی ہیں۔ادھر کراچی پورٹ پر درآمدی سویا بین کی آف لوڈنگ روک دی گئی ہے تاہم سویا بین کا جہاز ہرکولیس بدستور کراچی بندرگاہ پر موجود ہے اور احکامات کے باوجود بندرگاہ سے نہیں ہٹایا گیا ۔حکومت نے ہرکولیس جہاز کو پورٹ قاسم پر لنگر انداز کرنے اور اس پر لدی باقی ماندہ سویا بین وہیں اتارنے کا فیصلہ کیا ہے ۔