مسلم لیگ ن اور جی ڈی اے کا پیپلزپارٹی کے خلاف اتحاد
شیئر کریں
حیدرآباد (رپورٹ :شاہنواز خاصخیلی) مسلم لیگ ن اور جی ڈی اے نے پیپلزپارٹی کو ٹف ٹائم دینے کی حکمت عملی ترتیب دے دی ہے، بشیر میمن حلقہ پی ایس 44 شہدادپور سے میدان میں اتریں گے، پیپلزپارٹی کو حلقے میں مشکلات کا سامنا ہوگا کیونکہ جی ڈی اے نے بشیر میمن کی حمایت کا فیصلہ کیا ہے ، ذرائع کے مطابق مسلم لیگ ن سندھ کے صدر بشیر میمن سانگھڑ ضلع کے حلقہ پی ایس 44 شہدادپور سے انتخابی اکھاڑے میں اتریں گے، مذکورہ حلقہ پیپلزپارٹی کا مضبوط سمجھا جاتا تھا لیکن موجودہ صورت حال میں بشیر میمن کے انتخاب لڑنے کے بعد پیپلزپارٹی کو سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑے گا، ذرائع کے مطابق مذکورہ حلقے میں پیر پگارہ کا بھی بڑا ووٹ بینک موجود ہے ، مسلم لیگ فنکشنل کے امیدوار کامیاب ہوتے رہے ہیں، ذرائع کے مطابق مذکورہ حلقے پر گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس کے سربراہ پیر پگارہ بشیر میمن کے حمایت کریں گے، دوسری جانب سانگھڑ ضلع کے اہم سیاسی خاندان جونیجو خاندان کی اہم شخصیت سابق ایم این اے محمد خان جونیجو کا بھی گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس میں شمولیت کرنے کا امکان ہے ، محمد خان جونیجو سانگھڑ کے قومی حلقے سے انتخاب لڑیں گے اس کے مد مقابل پیپلزپارٹی کی سابق ایم این اے شازیہ مری ہیں ۔