24نومبرکا اسلام آباد میں فیصلہ کن مارچ، پی ٹی آئی کا چاروں اطراف سے دھاوا بولنے کا فیصلہ
شیئر کریں
پاکستان تحریک انصاف نے احتجاج کی حکمت عملی طے کرتے ہوئے 24 نومبر کو اسلام آباد کے چاروں اطراف سے دھاوا بولنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ذرائع کے مطابق تحریک انصاف کی قیادت ہر صورت اسلام آباد پہنچنے کے لیے پر عزم ہے ، اس حوالے سے پی ٹی آئی اسلام آباد اور راولپنڈی ریجن کی قیادت کو اہم ذمہ داری سونپ دی گئی۔قافلوں کے اسلام آباد پہنچنے تک راولپنڈی اور اسلام آباد کی قیادت بھرپور احتجاج ریکارڈ کروائے گی جبکہ تمام صوبوں کے قافلوں کو اسلام آباد کے الگ الگ راستوں پر پہنچنے کا ٹاسک دیا گیا ہے ۔ذرائع کے مطابق 24نومبر کو ملک گیر احتجاج ہوگا اور اسلام آباد پہنچ کر کہاں قیام کرنا ہے قیادت بعد میں آگاہ کرے گی۔ کور کمیٹی ارکان نے ڈی چوک میں پراؤ کرنے کی تجویز دی ہے اور پارٹی قیادت نے واضح کہا کہ ذہن نشین کر لیں احتجاج غیر معینہ مدت کے لیے ہوگا۔ پارٹی نے ہدایت دی ہے کہ اپنے اپنے اضلاع کے کارکنان کو اسلام آباد لانے کے اخراجات ایم این ایز اور ایم پی ایز برداشت کریں گے ، کارکنان کی اسلام آباد آمد پر تمام انتظامات کی مشترکہ حکمت عملی بھی بنا لی گئی ہے ۔ذرائع علی امین گنڈاپور کے مطابق اب کی بار وفاقی حکومت کے لیے بڑا سرپرائز تیار کیا گیا ہے ، پہلے احتجاجوں کی نسبت بہترین حکمت عملی بنا لی گئی ہے ۔پارٹی قیادت کی گرفتاریوں کی صورت میں پلان بی پر عمل ہوگا جبکہ حلقوں سے کارکنان کو لانے والے ایم این ایز یا رہنماوں کی گرفتاری کی صورت میں متبادل لیڈرز کی فہرست بنا کر ٹاسک دیا جائے گا۔