معاشی استحکام کے دعوے 3قومی اداروں کا خسارہ 705ارب تک جا پہنچا
شیئر کریں
سرکاری امداد، کرائے اور مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے باوجود پی آئی اے، اسٹیل مل اور ریلوے خسارے کی دلدل سے نہیں نکل سکے
پاور سیکٹر کی کئی کمپنیوں پر بھی 660 ارب روپے کاقرض،مذکورہ مجموعی حجم سالانہ ترقیاتی پروگرام 1کھرب 25ارب روپے سے بھی زیادہ ہے
عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کی جانب سے جاری کردہ اسکور کارڈ میں انکشاف کیاگیاہے کہ حکومت کی جانب سے پی آئی اے اور ریلوے کے کرائے اورپاکستان اسٹیل کی مصنوعات کی قیمتوںمیں بار بار اضافے اور ان اداروں کو اپنے پیروں پر کھڑا کرنے کیلیے اربوں روپے کی امداد دیے جانے کے باوجودپاکستان کے یہ قومی ملکیتی ادارے قرضوں کے بوجھ تلے دبتے چلے جارہے ہیں۔
آئی ایم ایف کی رپورٹ کے مطابق پاکستان کے 3 بڑے سرکاری اداروں پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن(پی آئی اے)، پاکستان اسٹیل ملز اور پاکستان ریلوے کا گزشتہ تین برسوں کے دوران خسارہ 705 ارب روپے تک جا پہنچا ہے۔اس کے علاوہ پاور سیکٹر کی کئی کمپنیوں کے اکا ﺅنٹس بھی 660 ارب روپے کے قرضوںتلے دبے ہوئے ہیں جن میں سے 348 ارب روپے کے قرض گزشتہ3 برسوں میں لیے گئے حالانکہ اس دوران کنزیومر ٹیرف میں بھی مسلسل اضافہ ہوتا رہا ہے۔واضح رہے کہ نقصان میں جانے والے سرکاری اداروں کی بحالی 3 سالہ معاشی اصلاحات پروگرام کا مرکزی ہدف تھا۔
ان سرکاری اداروں اور پاور کمپنیوں کے خساروں کو یکجا کیا جائے تو اس کا حجم 1.365 کھرب روپے بنتے ہیں جو کہ ملک کے موجودہ سالانہ ترقیاتی پروگرام 1.25 کھرب روپے سے بھی زیادہ ہے۔یہ اعداد و شمار عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کی جانب سے پاکستان کے ساختیاتی اصلاحات پروگرام کے اسکور کارڈ میں جاری کیے گئے جس کا آغاز آئی ایم ایف کے تین سالہ توسیعی سہولت فنڈ کے تحت کیا گیا تھا جو 30 ستمبر کو ختم ہوگیا۔آئی ایم ایف کے مطابق گزشتہ تین برسوں کے دوران گیس کے شعبے میں بھی خسارے کے حجم میں 11.5 فیصد اضافہ ہوا۔قدرتی گیس سسٹم کو ہونے والے سالانہ نقصان کا تخمینہ 6 ارب روپے لگایا گیا تاہم اس عرصے کے دوران گیس کی قیمتوں میں 20 فیصد تک اضافہ ہوا۔اگرچہ وزیراعظم نوازشریف گیس کی قیمتوں میں اضافہ نہ کرنے کی یقین دہانی کراچکے ہیںلیکن آئی ایم ایف کا کہنا ہے کہ حکومت نے وعدہ کیا ہے کہ وہ رواں ماہ نرخوں میں مزید اضافہ کرے گی۔آئی ایم ایف کے مطابق صارفین تک پہنچائی جانے والی بجلی 35 فیصد مہنگی ہونے کے بعد 11.9 روپے فی یونٹ ہوچکی ہے۔رپورٹ کے مطابق 13-2012 میں مذکورہ بالاتینوں سرکاری اداروں کے مجموعی خسارے کا حجم مجموعی قومی پیداوار کا 1.7 فیصد تھا جو 16-2015 میں بڑھ کر جی ڈی پی کا 2.3 فیصد ہوگیا جبکہ جی ڈی پی کا حجم بھی اب کافی بڑھ چکا ہے۔
آئی ایم ایف کا کہنا ہے کہ اچھی بات یہ ہے کہ پی آئی اے، اسٹیل ملز اور ریلوے کے سالانہ خسارے میں اضافے کی رفتار گزشتہ تین برسوں میں کم ہوئی ہے اور اس میں سالانہ 95 ارب روپے کے بجائے 61 ارب روپے کا اضافہ ہوا۔رپورٹ میں کہا گیا کہ انفرااسٹرکچر ڈیولپمنٹ سرچارج لگاکر کنزیومر گیس ٹیرف 540 روپے فی یونٹ سے بڑھا کر 647 روپے کردیا گیا جبکہ پاور سیکٹر کے واجب الادا رقم کا حجم بھی جی ڈی پی کے 2.2 سے 2.3 فیصد تک ہے۔آئی ایم ایف کے مطابق پاور سیکٹر کے بقایا جات کا بڑا حصہ جون اور اگست 2013 میں ادا کردیا گیا تھا لیکن واجب الادا رقم کا حجم دوبارہ بڑھ گیا تاہم اس کی رفتار کم ہوگئی ہے۔
آئی ایم ایف کی رپورٹ میں کہاگیاہے کہ بجلی کی قیمتوںمیں بار بار اضافے کی وجہ سے پاور سیکٹر کا ترسیلی خسارہ کم ہوکر 17.9 فیصد رہ گیا جبکہ وصولیاں بھی 5 فیصد اضافے کے بعد 92.6 فیصد ہوگئی ہیں جس کی وجہ سے حکومت کی جانب سے پاور سیکٹر کو دی جانے والی سبسڈیز جی ڈی پی کے 2 فیصد سے کم کرکے 0.6 فیصد ہوگئی ہیں جبکہ صنعتی علاقوں میں لوڈ شیڈنگ میں بھی کمی ہوگئی ہے اور یومیہ 9 گھنٹے کی جانے والی لوڈ شیڈنگ کادورانیہ یومیہ ایک گھنٹہ رہ گئی ہے۔شہری علاقوں میں بھی بجلی کی یومیہ بندش کا دورانیہ کم ہوکر 5 گھنٹے رہ گیا جو 2013 میں 8 گھنٹے تھا۔
آئی ایم ایف نے اپنی رپورٹ میں زور دیاہے کہ سرکاری اداروں کی بحالی کے لیے ان کی تعمیر نو اور پرائیوٹ سیکٹر کی شراکت داری ضروری ہے تاکہ ان کی مالی ذمہ داریاں پوری ہوسکیں اور مالیاتی اخراجات کم ہوسکیں۔عالمی مالیاتی فنڈ کی رپورٹ میں کہا گیا کہ قانون سازی کے ذریعے پی آئی اے کے زیادہ تر شیئرز اور انتظامی کنٹرول حکومت کے پاس رکھا گیا لیکن حکومت پی آئی اے میں نجی شعبے کی شراکت داری کو یقینی بنانے کے لیے پر عزم ہے۔آئی ایم ایف نے زور دیا کہ پی آئی اے کے مالیاتی اور آپریٹنگ خسارے کو کم کرنے کے لیے اسی طرح کے مزید اقدامات جاری رہنے چاہییں۔اس کے علاوہ پاکستان اسٹیل ملز کا کنٹرول صوبائی حکومت کو منتقل کرنے کے حوالے سے مذاکرات بے نتیجہ ثابت ہونے کے بعد حکومت نے نجکاری کا عمل دوبارہ شروع کردیا ہے اور جون 2017 تک پیشکشیں جمع کرانے کا عمل مکمل کرنا چاہتی ہے۔
آئی ایم ایف کی جانب سے جاری کئے جانے والے اعدادوشمار کا تفصیلی جائزہ لیاجائے تو ظاہرہوتاہے کہ آئی ایم ایف سے اس کی شرائط پر لیے گئے بھاری قرضوں کی وجہ سے اس کے دیے ہوئے چارٹ پر پوری طرح عملدرآمدہورہا ہے ، لیکن حکومت آئی ایم ایف کے اشارے پر پی آئی اے اور ریلوے کے کرایوں اور پاکستان اسٹیل کی مصنوعات کی قیمتوں میں بار بار اضافے کے باوجود آئی ایم ایف کے ارباب اختیار کو مطمئن کرنے میں کامیاب نہیں ہوسکی ہے اور آئی ایم ایف کی جانب سے ڈومور یعنی اپنے عوام کے خون کاآخری قطرہ تک نچوڑ لینے کے مطالبات میں کوئی کمی نہیں آئی ہے۔ کسی ایسی حکومت کیلیے جو عوامی مینڈیٹ رکھنے کی دعویدار ہو،آئی ایم ایف کی کڑی شرائط تسلیم کرنا اوراس کے باوجود ڈومور کے مطالبات پر عمل کرنا یقینی طورپر کوئی بہت پسندیدہ عمل نہیں ہوسکتا۔ خاص طورپر ایک ایسے وقت جب حکومت اپنے وزرا کی گزشتہ 3سال کی مایوس کن کارکردگی اور عوام کے مسائل کے حل میں نمایاں پیش رفت نہ ہونے کی وجہ سے شدید دباﺅ کاشکار ہے،آئی ایم ایف کی یہ رپورٹ اس کے لیے تازیانہ ثابت ہوسکتی ہے۔
وزیر اعظم نواز شریف اور ان کی کابینہ کے ارکان کو جو اپنی گزشتہ 3سالہ کارکردگی پر خود میاں مٹھو بننے کی کوشش کرتے رہتے ہیں ،اس رپورٹ کو اپنی حکومت کی کارکردگی کے حوالے سے نوشتہ دیوار تصور کرنا چاہیے اور اپنی کارکردگی بہتر بنا کر عوام کو غیر ضروری بالواسطہ ٹیکسوں کے بوجھ سے نجات دلانے کی حکمت عملی اختیار کرنی چاہیے۔
وزیر اعظم نواز شریف اور ان کی کابینہ کے ارکان کو یہ حقیقت نظر انداز نہیں کرنی چاہیے کہ اگرچہ حال ہی میں ہونے والے ضمنی انتخابات میں مسلم لیگ ن کے امیدواروں کو کامیابی ملی ہے ، لیکن ان کے مقابلے میں کھڑے ہونے والے مخالف امیدواروں کو ملنے والے ووٹوں کی تعداد اتنی کم نہیں تھی جسے نظر انداز کردیاجائے۔ وزیر اعظم اور ان کےہم نواﺅںنے یہ بات اچھی طرح محسوس کرلی ہوگی کہ بعض جگہ مسلم لیگ ن کے امیدوار بہت ہی کم مارجن سے جیتے ہیں اور اگر مسلم لیگ ن حکومت میں نہ ہوتی اور ان کو کامیاب کرانے کیلیے پوری حکومتی مشینری حرکت میں نہ آئی ہوتی تو شاید ان کو اپنی ضمانتیں بچانا بھی مشکل ہوجاتا۔