کوہاٹ، بارود سے بھری گاڑی پولیس لائنز کے گیٹ سے ٹکرا کر دھماکا، 16 افراد جاں بحق
شیئر کریں
بارود سے بھری گاڑی پرانی پولیس لائنز کے گیٹ سے ٹکرائی جس کے بعد دھماکا ہوا اور فائرنگ بھی ہوئی، قریبی عمارتوں کوبھی نقصان پہنچا
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
کوہاٹ میں پولیس لائن کے قریب دھماکے کے نتیجے میں 16 افراد جاں بحق اور 50 سے زائد زخمی ہو گئے، زخمیوں میں بعض کی حالت نازک ہے جس کے باعث ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔
پولیس کے مطابق دھماکا نماز جمعہ کے دوران ہوادھماکے کے باعث مسجدکے باہر گڑھا پڑ گیا، دھماکے سے مسجدکا بیرونی حصہ شدید متاثر ہوا اور دیواربھی گرگئی اس حوالے سے آئی جی خیبرپختونخوا ذوالفقار حمید نے بتایا کہ بارود سے بھری گاڑی پرانی پولیس لائنز کے گیٹ ٹکرائی، گاڑی ٹکرانے کے بعد دھماکا ہوا اور فائرنگ بھی ہوئی۔
انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبرپختونخوا ذوالفقار حمید نے کوہاٹ پولیس لائنز مسجد پر دھماکے کا نوٹس لیتے ہوئے ریجنل پولیس آفیسر کوہاٹ سے رپورٹ طلب کر لی۔ آئی جی پی نے کہا کہ خیبرپختونخوا پولیس دہشتگردی کے خلاف آہنی دیوار بن کر کھڑی ہے، بزدلانہ حملے حوصلہ پست نہیں کر سکتے۔
پولیس کے مطابق دھماکے کے زخمیوں کو ڈی ایچ کیو ہسپتال منتقل کر دیا گیا ، زخمیوں میں پولیس اہلکار بھی شامل ہیں۔ایم ایس ڈی ایچ کیو ہسپتال طاہر علی شاہ نے بتایا کہ 15 لاشیں اور 50 سے زائد زخمی ہسپتال لائے گئے، ڈی ایچ کیو ہسپتال میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے۔
ہسپتال ذرائع کے مطابق زخمیوں میں بعض کی حالت نازک ہے جس کے باعث ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے ۔پولیس کے مطابق کوہاٹ ہنگو روڈ کو ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بند کر دیاگیا ہے ریسکیو حکام کے مطابق دھماکے سے قریبی عمارتوں کو بھی نقصان پہنچا، دھماکے کی جگہ پر امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔


