آئی جی اسلام آباد کے ناقابل ضمانت وارنٹ ، گرفتار کر کے پیش کرنے کا حکم
شیئر کریں
لاہور ہائیکورٹ نے تحریک انصاف کے صدر چودھری پرویز الہٰی کو رہا نہ کرنے کے معاملے پر آئی جی اسلام آباد کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دیے، عدالت نے قابل ضمانت وارنٹ پر عمل درآمد نہ ہونے پر متعلقہ ایس پی کو توہین عدالت کا نوٹس جاری کر دیا، عدالت نے سپرنٹنڈنٹ اٹک جیل کے پیش نہ ہونے پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دیے۔ تفصیلات کے مطابق لاہور ہائیکورٹ میں تحریک انصاف کے صدر پرویز الہٰی کو عدالتی حکم کے باوجود رہا نہ کرنے کے معاملے پر سماعت ہوئی، آئی جی اسلام آباد لاہور ہائیکورٹ میں پیش نہ ہوئے، عدالت نے استفسار کیا کہ آئی جی اسلام آباد کہاں ہیں؟ سرکاری وکیل نے کہا کہ آئی جی اسلام آباد کی طرف سے جواب آیا ہے، عدالت نے کہا کہ ہم نے آئی جی اسلام آباد کو طلب کیا تھا وہ کہاں ہیں؟ کیا آپ عدالتی احکامات کو ایزی لے رہے ہیں، ہم نے قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کیے تھے، سرکاری وکیل نے کہا کہ آئی جی اسلام آباد میں مصروف ہیں، عدالت نے ہدایت کی کہ آپ آئی جی اسلام آباد سے پوچھ کر بتائیں کیسے آنا چاہیں گے،عدالت نے کیس کی سماعت کچھ دیر تک ملتوی کردی۔ وقفے کے بعد سماعت دوبارہ شروع ہوئی تو لاہور ہائیکورٹ نے پرویز الہٰی کو پیش نہ کرنے پر آئی جی اسلام آباد کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردیے اور قابل ضمانت وارنٹ پر عمل درآمد نہ ہونے پر متعلقہ ایس پی کو توہین عدالت کا نوٹس جاری کردیا، عدالت نے سپرنٹنڈنٹ اٹک جیل کے پیش نہ ہونے پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دیے، سی پی او راولپنڈی اور ڈی پی او اٹک کے پیش ہونے پر عدالت نے شوکاز نوٹس واپس لے لیے۔ عدالت نے آئندہ سماعت پر آئی جی اسلام آباد کو گرفتار کرکے پیش کرنے کا حکم دے دیا۔