ڈائریکٹر پارکس ڈی ایم سی کورنگی کے دفتر پر چھاپا
شیئر کریں
صوبائی وزیر برائے صنعت و تجارت اور انسداد بدعنوانی و محکمہ امداد باہمی جام اکرام اللہ دھاریجو کی ہدایت پر اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ سندھ نے کرپشن میں ملوث افراد کے خلاف اپنی کاروائیاں تیز کرتے ہوئے آج لائیو اسٹاک اور اینیمل ہسبنڈری ٹھٹھہ اور ڈائریکٹر پارکس ڈی ایم سی کورنگی کراچی کے دفاتر پر چھاپے مارے۔ تفصیلات کے مطابق لائیو اسٹاک اور اینیمل ہسبنڈری ٹھٹھہ کے دفتر میں مبینہ کرپشن کی شکایات پر اسسٹنٹ ڈائریکٹر و سرکل افسر ملک نذیر احمد نے اپنی ٹیم کے ہمراہ سکینڈ سول جج عمران ڈاؤچ کی نگرانی میں مذکورہ دفتر پر چھاپہ مارا اور گزشتہ تین سالوں کا ریکارڈ اپنی تحویل میں لے لیا اور اس سلسلے میں مزید تحقیقات جاری ہیں۔ دوسری کارروائی میں اسسٹنٹ ڈائریکٹر ساؤتھ صدام وسان اور سرکل افسر کورنگی لیاقت عباسی نے اپنی ٹیم کے ہمراہ ڈائریکٹر پارکس ڈی ایم سی کورنگی کراچی کے دفتر پر چھاپہ مارا۔ واضح رہے کہ اینٹی کرپشن دفتر ساؤتھ کو ڈائریکٹر پارکس ڈی ایم سی کورنگی کراچی میں جعلی اور بوگس ادائیگیوں اور فنڈز میں خرد برد کی شکایات موصول ہوئیں تھیں۔ دریں اثنا صوبائی وزیر برائے صنعت و تجارت اور انسداد بدعنوانی و محکمہ امداد باہمی جام اکرام اللہ دھاریجو نے اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ سندھ کی جانب سے کرپشن کے خلاف کی جانے والی کاروائیوں کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ وہ اسی جذبے سے کرپشن کے خلاف کارروائی جاری رکھیں گے اور صوبہ سندھ کو کرپشن سے پاک کریں گے۔ انہوں نے یہ بھی ہدایت دی کہ کرپٹ عناصر کو ہر صورت میں ان کے منطقی انجام تک پہنچایا جائے تاکہ دوسروں کو عبرت حاصل ہو اور وہ کرپشن کرنے کا خیال بھی دل میں نہ لائیں۔