میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
مانچسٹر میں خودکش دھماکا کرنیوالا برطانوی شہری نکلا ‘ ہلاکتیں 25ہوگئیں

مانچسٹر میں خودکش دھماکا کرنیوالا برطانوی شہری نکلا ‘ ہلاکتیں 25ہوگئیں

ویب ڈیسک
بدھ, ۲۴ مئی ۲۰۱۷

شیئر کریں

مانچسٹر (مانیٹرنگ ڈیسک/ ایجنسیاں) مانچسٹر میں خودکش دھماکا کرنے والا برطانوی شہری نکلا، ہلاکتوں کی تعداد 25 ہوگئی۔ تفصیلات کے مطابق غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق برطانوی پولیس کا کہنا ہے کہ مانچسٹر میں کنسرٹ کے دوران خود کش حملے میں ملوث مبینہ خود کش حملہ آور کا نام سلمان عبیدی ہے جو برطانیہ میں قیام پذیر تھا تاہم اس کا تعلق لیبیا سے ہے، مانچسٹر پولیس چیف کا کہنا ہے کہ سلمان عبیدی کی عمر 22 سال ہے اور اس کا خاندان لیبیا کے سابق صدر معمرقذافی کے دور میں برطانیہ آیا،سلمان عبیدی 1994 میں مانچسٹر میں پیدا ہوا جب کہ اس بات کا قوی امکان ہے کہ سلمان کا خاندان معمر قذافی کی حکومت کے خاتمے کے بعد واپس چلاگیا تاہم اس حوالے سے تحقیقات کی جارہی ہیں۔دوسری جانب سلمان عبیدی کے اسکول کے دوست نے دوران تحقیقات بتایا کہ سلمان مانچسٹر یونائیٹڈ کا مداح تھا،اسے آخری بار گزشتہ سال دیکھا تھا اور اس کی داڑھی بھی بڑھی ہوئی تھی جب کہ سلمان عبیدی کے پڑوسیوں کا کہنا ہے کہ گزشتہ کئی دنوں سے اس کا رویہ کافی عجیب سا ہوگیا تھا۔ علاوہ ازیں برطانوی میڈیا کے مطابق بین الاقوامی دہشت گرد تنظیم ”داعش“ نے مانچسٹر خود کش حملے کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ کارروائی ”خلافت کے سپاہی“ نے انجام دی ہے۔مانچسٹر پولیس نے کارلٹن روڈ پر واقع رائسٹن کورٹ کا محاصرہ کرلیا ہے جہاں وہ مبینہ خودکش بمبار کے فلیٹ کی تلاشی لینے میں مصروف ہے۔ اس علاقے میں نئے فلیٹس دو سال پہلے تعمیر کیے گئے تھے جہاں اس وقت بڑی تعداد میں عرب ممالک سے تعلق رکھنے والے پناہ گزین رہائش پذیر ہیں۔ دھماکے میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد 25 جبکہ 60 سے زائد زخمی ہیں۔ دوسری جانب اریانہ گرانڈے کے ترجمان کا کہنا ہے کہ 23سالہ امریکی گلوکارہ خیریت سے ہیں بعد ازاں اپنے ٹوئٹر پیغام میں آریانہ گرانڈے کا کہنا تھا کہ واقعے سے ان کا دل ٹوٹ گیا ہے مجھے بہت افسوس ہے میرے پاس الفاظ نہیں۔ برطانوی وزیراعظم تھریسامے نے مانچسٹردھماکے پر میڈیا بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ مانچسٹردھماکا دہشتگردی کی کارروائی ہے، جس میں معصوم بچوں اورنوجوانوں کونشانہ بنایا گیا یہ واقعہ شمالی انگلینڈ پرہونے والا بدترین حملہ ہے، ہماری تمام ہمدردیاں دھماکے میں مرنے والوں کے اہلخانہ کے ساتھ ہیں جبکہ کنسرٹ میں دھماکا بیمار ذہنوں کی بزدلانہ کارروائی ہے۔ وزیراعظم محمد نوازشریف سمیت تمام سیاسی قیادت نے مانچسٹر دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے انسانی جانوں کے ضیاع پر دکھ کا اظہار کیا ہے اور کہا کہ غم کی اس گھڑی میں برطانیہ کی حکومت اور عوام کے ساتھ برابر کے شریک ہیں۔


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں