ہیرو گروپ کا گرفتارڈائریکٹر کراچی کی عدالت میں پیش
شیئر کریں
(رپورٹ :شاہنواز خاصخیلی) حیدرآباد سے گرفتار ہیرو گروپ کا ڈائریکٹر کراچی کی عدالت میں پیش، عدالت نے ملیر جیل بھیج دیا، عزیز آباد پولیس نے محمد عمران کو ماڈل کورٹ کراچی میں پیش کیا، ہیرو ٹاورز شاپنگ مال میگا فراڈ کے مرکزی ملزم شائستہ اسد سمیت 4 افراد تاحال گرفتار نہ ہوسکے، تفصیلات کے مطابق حیدرآباد کے علاقے سائیٹ میں بولیورڈ مال کے سامنے ہیرو بلڈرز اینڈ ڈوولپرز گروپ کی جانب 2017ع میں شروع ہونے والے ہیرو ٹاورز شاپنگ مال کے الاٹیز کو بوگس چیک دینے کے الزام میں دادو، کراچی اور حیدرآباد کے مختلف تھانوں میں 10 ایف آئی آرز میں نامزد ہیرو گروپ کے ڈائریکٹر محمد عمران کو عدالت پیش کیا گیا، دو دن قبل حیدرآباد پولیس نے محمد عمران کو کوہسار کے علاقے سے گرفتار کرکے کراچی کی عزیز آباد پولیس کے حوالے کیا تھا، گرفتار ملزم محمد عمران کو عزیز آباد پولیس نے سٹی کورٹ کی ماڈل کورٹ میں پیش کیا، عدالت نے ملزم محمد عمران کو ملیر جیل بھیج دیا ہے، دوسری جانب ہیرو ٹاورز شاپنگ مال میں الاٹیز کو کروڑوں روپے کا چونا لگانے والے اور بوگس چیک دینے کے میگا فراڈ کے مرکزی ملزم ہیرو ٹاورز شاپنگ مال کی اونر شائستہ اسد سمیت کلثوم برکت، عائشہ برکت، محمد انور کو پولیس تاحال گرفتار نہ کرسکی ہے۔