کراچی پیکیج میں شامل پہلا منصوبہ اکتوبر سے شروع ہوگا،ناصرشاہ
شیئر کریں
کراچی ٹرانسفارمیشن پیکج میں شامل پہلے منصوبے ملیر ایکسپریس وے کا سنگ بنیاد اکتوبر میں رکھا جائے گا، منصوبے کی فزیبلیٹی اور دیگر دستاویزی امورمنظور ہوچکے ہیں۔تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان کے اعلان کردہ کراچی ٹرانسفارمیشن پیکج پرمزید پیشرفت ہوئی ، کراچی میں وفاقی ،صوبائی حکومتوں کے میگا منصوبوں کا آغازہونے جارہا ہے۔کراچی ٹرانسفارمیشن پیکج میں شامل پہلا منصوبہ اکتوبر سے شروع ہوگا، اکتوبر میں ملیر ایکسپریس وے کا سنگ بنیاد رکھا جائے گا، ملیر ایکسپریس وے منصوبہ پبلک پرائیوٹ پارٹنرشپ کے تحت مکمل ہوگا۔ملیرایکسپریس وے منصوبے کی فزیبلیٹی اور دیگر دستاویزی امورمنظور ہوچکے ہیں جبکہ کراچی ٹرانسفارمیشن پیکج میں شامل کورنگی ابراہیم حیدری شاہراہ، پیپلزاسکوائر نومبر میں کھول دیا جائے گا۔قائدآبادبراستہ کورنگی نمائش چورنگی ییلو لائن منصوبہ شروع کیاجائیگا ، بس منصوبہ عالمی بینک کی شراکت سے شروع ہوگا ،ییلو لائن بس منصوبے کا سنگ بنیاد دسمبرمیں رکھا جائے گا۔وزیر بلدیات ناصرحسین شاہ نے کہا کہ کراچی ڈولپمنٹ پیکیج پرتیزی سے کام ہوگا، سندھ حکومت کراچی کی اہمیت کو بخوبی جانتی ہے، کراچی میں نکاسی آب کو ورلڈ بینک کے تعاون سے بہتربنایا جائیگا۔ناصرحسین شاہ نے کہاکہ صوبے میں ترقی ہونی چاہئے تاکہ عوام کیلیے بہتری ہو، بھنڈار جزیرے پر ترقی کیلئے ہم تعاون کریں گے ، ایسی ترقی قبول نہیں جوسندھ کے عوام کے مفادمیں نہ ہو، ترقیاتی کام میں عوام کے مفادات اور ترقی کومدنظر رکھاجائے گا۔صوبائی وزیر نے کہا کہ جب ذوالفقار آباد کی تعمیر کامنصوبہ بنایا گیا تھا اس وقت بھی کافی تنقید ہوئی ، ترقی کی راہ کو کہیں بھی روکا نہیں جاسکتا، و عوامی مفادات کو مدنظر رکھا جانا چاہیے۔