میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
کراچی ، مختلف علاقوں میں بارش کا سلسلہ جاری سڑکوں پرپانی جمع،شہریوں کی اذیت میں اضافہ

کراچی ، مختلف علاقوں میں بارش کا سلسلہ جاری سڑکوں پرپانی جمع،شہریوں کی اذیت میں اضافہ

ویب ڈیسک
جمعرات, ۱۸ اگست ۲۰۲۲

شیئر کریں

،کورنگی کاز وے پر ٹریفک کی روانی پانچویں روز بھی تعطل کا شکار،مو ن سون کاپانچواں اسپیل آج بھی شہرکے مختلف علاقوں میں برستارہے گا
نوابشاہ ،نوشہروفیروز،خیرپور،سکھر،لاڑکانہ ،گھوٹکی ،جیکب آباد،حیدرآباد،ٹھٹھہ،سانگھڑ،عمرکوٹ سمیت سندھ کے مختلف شہروں میں بھی ہلکی وتیزبارش
کراچی(اسٹاف رپورٹر)شہرقائدکے مختلف علاقوں میں کہیں ہلکی تو کہیں تیز بارش کا سلسلہ جاری ہے، جبکہ کورنگی کاز وے پر ٹریفک کی روانی پانچویں روز بھی تعطل کا شکار رہی۔کراچی میں بدھ کو صبح سے ہی مختلف علاقوں میں ہلکی اور تیز بارش کا سلسلہ جاری رہا،محکمہ موسمیات کے مطابق 5واں اسپیل آج(جمعرات) تک بادل برساتا رہے گا۔ مون سون کے پانچویں اسپیل کی انٹری اور بارش سے جہاں ہر جانب موسم سہانا ہوا ہے وہیں سڑکوں پر پانی بھی کھڑا ہوگیا، جس سے پیدل یا موٹر سائیکل پر سفر کرنے والوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرناپڑا۔اولڈ سٹی ایریا کی مختلف سڑکوں اور گلیوں میں بارش کا پانی اور کیچڑ تاحال موجود ہے۔سول اسپتال برنس وارڈ کے قریب سے بارش کا پانی مکمل صاف نہ کیا جاسکا۔ سول اسپتال آنے والے راستوں پر بھی پانی موجود ہے۔ ایم اے جناح روڈ پر کے ایم سی آفس کے سامنے اور لائٹ ہائوس کے قریب بھی پانی ہی پانی ہے۔ پی ای سی ایچ ایس ، بہادرآباد کے علاقوں میں بھی بارش اور کیچڑ نے پیدل چلنے والوں کیلئے راستے کھٹن بنا دیئے۔شدید بارش کے بعد شارع فیصل، صدر، کلفٹن، یونیورسٹی روڈ، آئی آئی چندریگر روڈ، صفورہ چوک اور شہر کی دیگر سڑکوں پر پانی جمع ہونے کے باعث ٹریفک کی روانی بھی متاثر ہوئی۔شہر میں جہاں بارش نے کئی مسائل کو جنم دیا وہیں حالیہ موسم میں جاری مون سون اسپیل نے کراچی کے سبزے کو نکھار دیا، جس سے پیڑ پودے کھل اٹھے ہیں۔ محکمہ موسمیات کے مطابق 5 واں اسپیل 18 اگست تک بادل برساتا رہے گا۔ محکمہ موسمیات کی جانب سے جاری ایڈوائزری میں کہا گیا ہے کہ وسطی بھارت میں مون سون کا ایک تازہ مگر کم دبائو کے حامل مرحلے سے مشرقی سندھ متاثر ہونے کا امکان ہے، جو راجستھان تک پھیلا ہوا ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق اس مرحلے سے سندھ میں شہید بینظیر آباد، نوشہرو فیروز، خیرپور، سکھر، لاڑکانہ، گھوٹکی، کشمور، شکارپور، جیکب آباد، دادو، جامشورو، قمبر شہدادکوٹ، تھرپارکر، عمرکوٹ، میرپورخاص، بدین، ٹنڈو محمد خان، ٹنڈو الہیار، حیدرآباد، مٹیاری، ٹھٹھہ، سجاول، سانگھڑ کے اضلاع اور کراچی ڈویژن میں وقفے وقفے سے تیز ہوائوں اور گرج چمک کے ساتھ موسلادھار بارش کا امکان ہے۔بارش کے حوالے سے مزید بتایا گیا کہ بلوچستان کے شمال مشرقی اور جنوبی اضلاع میں جاری بارش کے سلسلے میں 18 اگست سے 20 اگست تک شدت اختیار کرنے کا امکان ہے، جس سے سندھ کے شہروں بشمول دادو، جامشورو، قمبر شہداد کوٹ اور زیریں علاقوں میں 19 اگست سے سیلاب کا خدشہ ہے۔محکمہ موسمیات نے مزید خبردار کیا ہے کہ موسلادھار بارش سے کراچی، حیدرآباد، بدین، ٹھٹھہ، سجاول، عمرکوٹ، میرپورخاص، سانگھڑ، ٹنڈو محمد خان، ٹنڈو الہیار، دادو، جامشورو، نوشہرو فیروز، شہید بینظیر آباد، قمبر شہداد کوٹ، لاڑکانہ اور سکھر اضلاع کے نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونے سے سیلاب کا خدشہ ہے۔حالیہ اسپیل میں محکمہ موسمیات نے اس ضمن میں بتایا ہے کہ سمندر کے حالات بدستور غیر موافق رہنے کا امکان ہے اور ماہی گیروں کو گہرے سمندر میں محتاط رہنے کا مشورہ دیا جاتا ہے۔دریں اثنا کے الیکٹرک کے ترجمان عمران رانا نے نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونے کے باعث بجلی کی فراہمی میں عارضی تعطل سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ کے الیکٹرک کا عملہ بدلتے ہوئے موسمی حالات کی مسلسل نگرانی کر رہا ہے اور اس پر متحرک ہے اور کسی ایمرجنسی کی صورت میں شہری 118 پر رابطہ کر سکتے ہیں۔


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں