سمٹ بینک لمیٹڈ کو اپنا نام تبدیل کر کے بینک مکرمہ لمیٹڈ رکھنے کی اجازت
شیئر کریں
اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے سمٹ بینک لمیٹڈ کو اپنا نام تبدیل کر کے بینک مکرمہ لمیٹڈ (بی ایم ایل) رکھنے کی اجازت دے دی ہے۔ سمٹ بینک نے منگل کو اس حوالے سے پاکستان اسٹاک ایکسچینج کو ایک خط لکھا، جس میں کہا گیا کہ(بینک کے) نام کی تبدیلی دیگر متعلقہ ریگولیٹری منظوری حاصل کرنے اور ایک غیر معمولی جنرل میٹنگ میں خصوصی قرارداد کے ذریعے اور بینک کی ایسوسی ایشن کے میمورنڈم اور آرٹیکلز کی بحالی کے بعد بینک کے شیئر ہولڈرز کی منظوری حاصل کرنے پر موثر ہو جائے گی۔ خط میں مزید کہا کہا کہ نام کی یہ تبدیلی متحدہ عرب امارات کے ممتاز سرمایہ کار ناصر عبداللہ حسین لوطہ کی جانب سے سمٹ بینک میں کنٹرولنگ حصص کے حالیہ حصول کے بعد کی گئی ہے۔ پی ایم ایل کے لیے ناصر عبداللہ حسین لوطہ کا وژن اسے ایک سرکردہ اسلامی بینک کے طور پر تیار کرنا ہے، جو اسلامی اصولوں کے مطابق غیر معمولی مالیاتی خدمات اور جدید مصنوعات فراہم کرے۔ سمٹ بینک لمیٹڈ سے بینک مکرمہ لمیٹڈ میں نام کی تبدیلی اسلامی مالیاتی اصولوں کو اپنانے کے لیے بینک کے عزم کی نشاندہی کرتی ہے۔ بی ایم ایل ایک مکمل اسلامی بینک میں منتقلی کے لیے ایک جامع منصوبہ تیار کرنے کے عمل میں ہے۔ بینک کی تبدیلی میں اس کے آپریشنز کا مکمل جائزہ، شریعت کے مطابق مالیاتی حل متعارف کرانا، اور اسلامی بینکاری کے طریقوں کی پابندی شامل ہوگی۔بینک اپنے صارفین کی خدمت کرنے اور اس تبدیلی کے مرحلے میں بغیر کسی رکاوٹ کے منتقلی کو یقینی بنانے کے لیے پرعزم ہے۔