آئی ایم ایف کی قسط اگست کے آخری ہفتے میں آئے گی‘مفتاح اسماعیل
شیئر کریں
وفاقی وزیر برائے خزانہ و ریونیو ڈاکٹر مفتاح اسماعیل احمد نے کہاہے کہ اگر دنیا میں پیٹرول 50یا60ڈالر فی بیرل ہو جائے گا توہم پاکستان میں 145روپے فی لیٹر کردیں گے۔ اگر دنیا میں دوبارہ140یا150ڈالر فی بیرل پیٹرول ہوجاتا ہے توایسا تو نہیں کہ ہم اس کی قیمت نہیں بڑھائیں گے۔ آئی ایم ایف معاہدے کے مطابق پیٹرولیم مصنوعات پر ٹیکس بڑھے گا لیکن معاہدے میں ایسی کوئی چیز نہیں ہے کہ اگر عالمی منڈی میں تیل کی قیمتیں کم ہوں توہم اس کو عوام کو پاس آن نہیں کرسکتے۔ اگر عالمی منڈی میں تیل کی قیمتیں کم ہوئیں تو ہم بھی کم کردیں گے۔این ایف سی ایوارڈ پر سیاسی طور پر نظرثانی کرنا بڑا مشکل ہے تاہم میں اپوزیشن میں ہوتے ہوئے بھی اور حکومت میں ہوتے ہوئے بھی آن ریکارڈ ہوں کہ اگر آپ وفاق کو کھوکھلا کردیں گے اور صوبوں کو مضبوط کریں گے تو یہ ملک کے لئے بہتر نہیں ہے، لہذا اس حوالہ سے آپ کو تھوڑا ساسوچنا پڑے گا۔ پاکستان مسلم لیگ (ن)نے ہمیشہ اپنی سیاست پر ملکی مفاد کو ترجیح دی ہے۔ ان خیالات کااظہار ڈاکٹر مفتاح اسماعیل نے سرکاری ٹی وی سے انٹرویو میں کیا۔ ڈاکٹر مفتاح اسماعیل کا کہنا تھا کہ آئی ایم ایف کی قسط اگست کے آخری ہفتے میں آئے گی، 25یا26اگست کو آئی ایم ایف بورڈ کی میٹنگ ہے اس کے ایک یا دو دن بعد قسط آجائے گی۔ اسٹاف کی سطح کے معاہدے اور بورڈ سے منظوری میں چار سے پانچ ہفتے لگتے ہیں۔ ہم عجلت میں تھے کہ آئی ایم ایف سے معاہدہ ہو جائے لیکن آئی ایم ایف نے کہا کہ جب تک بجٹ نہیں آئے گا اس وقت تک ہم معاہدہ نہیں کریں گے، آئی ایم ایف کامعاہدے سے پہلے ایک ایکشن بجٹ پاس کروانابھی تھا۔ آئی ایم ایف والے اس وقت تک بات بھی نہیں کررہے تھے جب تک ہم پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافہ نہ کرتے۔ میاں محمد نواز شریف اور محمد اسحق ڈار نے آئی ایم ایف سے جو پروگرام کیا تھا وہ ہم نے پورا کیا اس کے علاوہ ہم نے کبھی بھی آئی ایم ایف کے ساتھ پروگرام پورانہیں کیا۔