خیبرپختونخوا ، بلوچستان میں طوفانی بارشیں ( ندی نالوں میں طغیانی)
شیئر کریں
خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع میں تیز بارشوں کے باعث حادثات کے نتیجے میں جاں بحق افراد کی تعداد 32 ہوگئی ہے اور 41زخمی ہوئے،دیواریں اور چھتیں گرنے سے مجموعی طور 1370 مکانات کو نقصان پہنچا ، وزیر اعلیٰ کی ہدایت پر حالیہ بارشوں میں جاں بحق ہونے والے افراد کے لواحقین کی مالی امداد کے لیے 5 کروڑ روپے جاری کر دیئے گئے جبکہ بلوچستان میں بارشوں کے دوران آسمانی بجلی، چھتیں گرنے سے 8 افراد جاں بحق چل بسے ، بارشوں سے 40 گھروں کو مکمل اور 92 کو جزوی نقصان پہنچا،تیز ہواؤں سے گھروں پر لگے سولر پینل بھی اْڑ گئے،کئی علاقوں میں بجلی کا نظام بھی درہم برہم ہوگیا ،مغربی ہواؤں کا نیا سسٹم بھی بلوچستان میں داخل ہوگیا ہے جس سے مکران کوسٹل بیلٹ، سوراب، قلات اور کوئٹہ ڈویژن میں شدید بارشوں کا امکان ہے، موجودہ سسٹم مکران کو سب سے زیادہ متاثر کر سکتا ہے۔ تفصیلات کے مطابق ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے تیزبارشوں کے باعث خیبر پختونخوا میں جانی و مالی نقصانات کی رپورٹ جاری کردی۔رپورٹ میں بتایا گیا کہ مختلف اضلاع میں بارشوں کے نتیجے میں ہونے والے حادثات سے اب تک 32 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں اور 41 دیگر افراد زخمی ہیں۔پی ڈی ایم اے نے بتایا کہ جاں بحق افراد میں 15 بچے 12 مرد اور 5 خواتین جبکہ زخمیوں میں 6 خواتین، 28 مرد اور 7 بچے شامل ہیں۔رپورٹ کے مطابق دیواریں اور چھتیں گرنے سے مجموعی طور 1370 مکانات کو نقصان پہنچا، جس میں 160گھروں کو مکمل جبکہ 1210 گھروں کو جزوی نقصان پہنچا۔پی ڈی ایم اے نے بتایا کہ جانی و مالی حادثات خیبر، اپر اور لوئر دیر، چترال، سوات، باجوڑ، شانگلہ، مانسہرہ، مہمند، مالاکنڈ، کرک، ٹانک، مردان، پشاور، چارسدہ، نوشہرہ، بونیر، ہنگو، بٹگرام، بنوں، شمالی اور جنوبی وزیرستان، کوہاٹ، ڈیرہ اسمٰعیل خان میں رونما ہوئے۔