میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
زمان پارک میں گرینڈ آپریشن، پولیس گیٹ توڑ کر عمران خان کے گھر میں داخل

زمان پارک میں گرینڈ آپریشن، پولیس گیٹ توڑ کر عمران خان کے گھر میں داخل

جرات ڈیسک
هفته, ۱۸ مارچ ۲۰۲۳

شیئر کریں

سابق وزیراعظم اور چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کے اسلام آباد روانہ ہونے کے کچھ دیر بعد زمان پارک لاہور میں پولیس نے گرینڈ آپریشن کیا، پولیس گیٹ توڑ کر عمران خان کی رہائش گاہ میں داخل ہو گئی، مزاحمت پر متعدد کارکنوں کوگرفتار کرلیا گیا ہے، تصادم میں کئی کارکن اور 2 پولیس اہلکار بھی زخمی ہو گئے، پولیس ذرائع کے مطابق گھر سے اسلحہ برآمد کر لیا گیا ہے، جن میں 16 رائفلیں شامل ہیں، پولیس کا کہنا ہے کہ آپریشن انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت کے جج ابہر گل کی جانب سے جاری سرچ وارنٹ کے بعد کیا گیا۔ پولیس کی بھاری نفری نے زمان پارک آپریشن کرتے ہوئے پی ٹی آئی کارکنوں کے خیمے اکھاڑ دیے جبکہ علاقے میں انٹرنیٹ سروس بھی معطل کردی گئی۔ پولیس کی جانب سے قیدیوں کو لے جانے والی وین اور واٹر کینن کو بھی کینال روڈ پر پہنچا دیا گیا جبکہ زمان پارک میں کرینیں بھی پہنچا دی گئی ہیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ کارکنان زمان پارک میں واقع گراؤنڈ اور عمران خان کی رہائش گاہ کے قریب کیمپوں میں موجود تھے۔ پولیس عمران خان کی رہائش گاہ میں گیٹ توڑ کر داخل ہو گئی، پہلے واٹر کینن نے عمران خان کے گھر میں پانی پھینکنا شروع کیا جبکہ کرین کی مدد سے تمام رکاوٹیں ہٹائی گئیں۔ عمران خان کے گھر میں کارکنوں اور اینٹی رائٹ فورس کے درمیان شدید تصادم کے دوران پی ٹی آئی کے کئی کارکن زخمی ہو گئے ہیں جبکہ 2 پولیس اہلکار بھی زخمی ہوئے ، زمان پارک کے علاقے کو مکمل سیل کر دیا گیا۔ پولیس کے ساتھ واٹر کینن، بلڈوزر اور قیدیوں کی وین بھی موجود تھیں۔ پولیس نے کرین کی مدد سے پی ٹی آئی کے کیمپس اکھاڑ دیے اور بیریئرز و کنٹینرز ہٹادیے۔ پولیس نے گھر سے اسلحہ برآمد کر لیا، جن میں 16 رائفلیں شامل ہیں۔ پولیس ذرائع کے مطابق ابتدائی طور پر یہ اسلحہ سرکاری نظر آ رہا ہے، بطور وزیراعظم عمران خان کو یہ اسلحہ دیا گیا تھا لیکن انہوں نے منصب سے ہٹنے کے بعد یہ اسلحہ واپس نہیں کیا۔ پولیس کی جانب سے وضاحت سامنے آئی ہے کہ آپریشن سرچ وارنٹ کے بعد کیا گیا۔ سرچ وارنٹ انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت کے جج ابہر گل نے جاری کیا تھا۔ صوبائی دارالحکومت لاہور میں مال روڈ انڈر پاس کو کنٹینر اور بیریئر لگا کر بند کر دیا گیا ہے جبکہ دھرم پورہ، ریلوے پھاٹک اور گڑھی شاہو جانے والے راستے بھی بند ہیں۔ اس کے علاوہ میو گارڈن، اپر مال اور دیگر انڈر پاسز بھی بند کر دیے گئے ہیں اور بند راستوں پر پولیس کی بھاری نفری تعینات ہے۔ لاہور میں بند کیے گئے راستوں پر خاردار تاریں بھی بچھائی گئی ہیں، پولیس نے عمران خان اور رہنماؤں کو زمان پارک واپس جانے سے مبینہ طور پر روکنے کے لیے زمان پارک کے اطراف کنٹینرز لگا دیے۔


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں