
بانی پی ٹی آئی نے شیر افضل مروت کو ملاقات کیلئے بلالیا
شیئر کریں
ملاقات کرکے شکوہ کروں گا کہ بغیر سنے مجھے کیوں نکالا؟شیر افضل مروت
یہ پارٹی کا اندرونی معاملہ ہے اسے اندرونی سطح پر حل کریں گے، بیرسٹر گوہر
بانی چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے پارٹی سے نکالے گئے رکن قومی اسمبلی شیر افضل مروت کو ملاقات کے لیے بلالیا ہے ۔شیر افضل مروت کو پارٹی رہنماؤں نے ملاقات کے لیے بانی پی ٹی آئی کا پیغام پہنچادیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ مجھے ممبر اسمبلی نے ابھی بتایا کہ بانی پی ٹی آئی نے مجھے بلایا ہے ، ملاقات کرکے شکوہ کروں گا کہ بغیر سنے مجھے کیوں نکالا؟اس سے قبل ذرائع سے یہ خبر سامنے آئی تھی کہ پی ٹی آئی کے پارلیمانی پارٹی ارکان نے شیر افضل مروت کے حق میں بانی کو پیغام بھجوانے کا فیصلہ کرلیا ہے ۔ ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی کی پارلیمانی پارٹی اجلاس میں چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر، زرتاج گل، جنید اکبر اور دیگر ارکان شریک ہوئے ۔اس دوران شیر افضل مروت جذباتی ہوگئے اور انہوں نے گفتگو میں استفسار کیا کہ مجھے بتایا جائے کہ مجھے کیوں نکالا؟ذرائع کے مطابق اس پر پارلیمانی پارٹی ارکان نے شیر افضل مروت کو نکالنے کے فیصلے کا دوبارہ جائزہ لینے کا مطالبہ کیا اور سوال اُٹھایا کہ ‘ہم سب کو بتایا جائے مروت کو کیوں نکالا؟اس دوران بیرسٹر گوہر نے کہا کہ یہ پارٹی کا اندرونی معاملہ ہے اسے اندرونی سطح پر حل کریں گے ۔