تحریک عدم اعتماد حکومت نے اپوزیشن کوناکام بنانے کی حکمت عملی طے کرلی
شیئر کریں
تحریک عدم اعتماد کے معاملے پر حکومت اپوزیشن کی چال ناکام بنانے کیلئے سرگرم ہوگئی۔وفاقی حکومت نے اپوزیشن کی تحریک عدم کے خلاف حکمت عملی طے کرتے ہوئے اتحادی جماعتوں کو خوش اور ان کے گلے شکوے اور تحفظات فوری طور پر دور کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ایک نجی ٹی وی کے مطابق ذرائع کا کہنا ہے کہ اتحادی جماعتوں کے ارکان کو وزیر مملکت کا عہدہ دیا جائے گا اور اتحادی جماعتوں سے کیے گئے تمام وعدے پورے کیے جائیں گے۔ذرائع کا بتانا ہے کہ اتحادی جماعتوں کے گلے شکوے اور تحفظات فوری طور پر دور کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے اور اس حوالے سے وزیراعظم عمران خان نے قریبی رفقا سے مشاورت مکمل کرلی ہے۔ حکومت نے اتحادیوں اور ناراض ارکان سے رابطہ بڑھانے کا فیصلہ کرلیا۔ ذرائع کے مطابق وفاقی اور پنجاب کابینہ میں توسیع کر کے سب کو راضی کیا جائے گا۔ سینئر پارٹی رہنما کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف کی لڑائی کرپشن اور کرپٹ خاندانوں کے ساتھ ہے، زرداری، شریف خاندان اور ان کی پارٹیوں سے کوئی بات نہیں ہوگی۔خیال رہے کہ حکومتی اتحاد میں شامل بلوچستان عوامی پارٹی (بی اے پی)اور ایم کیو ایم پاکستان سمیت دیگر اتحادیوں نے وزارت کا مطالبہ کر رکھا ہے۔