گھوٹکی میں بس ہائی جیک، رینجرزوپولیس نے 14 مسافروں کو بازیاب کروالیا
شیئر کریں
15 دسمبر کی رات صادق آباد سے کوئٹہ جانے والی مسافر بس کو ڈاکوؤں نے 18مسافروں کو اتار کر اغوا کر لیاتھا
پولیس اور رینجرز کی بروقت کارروائی، ناکہ بندی کر کے سرچ آپریشن، ایک مسافر دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کر گیا
(رپورٹ: افتخار چوہدری)پاکستان رینجرز (سندھ) اور پولیس نے مشترکہ کاروائی کرتے ہوئے اندرونِ سندھ ضلع گھوٹکی میں ڈاکوؤں اور جرائم پیشہ افراد کے قبضے سے 14 مغویوں کو بازیاب کرا لیا۔ تفصیلات کے مطابق مورخہ 15 دسمبر 2025 کی رات صادق آباد سے کوئٹہ جانے والی مسافر بس صدا بہار سے ضلع گھوٹکی اوباڑو کے قریب مسلح ڈاکوؤں نے 18مسافروں کو بس سے اتار کر اغوا کر لیا۔ اطلاع ملتے ہی پاکستان رینجرز (سندھ) نے پولیس کے ساتھ مل کر بروقت کارروائی کرتے ہوئے کچے کی طرف جانے والے تمام راستوں کی مکمل ناکہ بندی کر کے سرچ آپریشن شروع کیا۔آپریشن کے دوران 14مغویوں کو بازیاب کرا لیا جبکہ ایک مغوی کی لاش وقوع سے کچھ فاصلے پر ملی جس پر بظاہر تشدد کے کوئی نشانات موجود نہیں تھے بوجہ ہارٹ اٹیک سے ہلاکت کا اندیشہ ہے۔ جبکہ 3افراد اپنی مدد آپ کے تحت اغواکاروں سے فرار ہو کر اپنے گھر پہنچنے میں کامیاب ہو گئے۔ اندھار اور لاٹھانی باکھرانی گینگ کے ڈاکوؤں کے خلاف آپریشن مکمل کیا جا چکا ہے ۔عوام ڈاکوؤں کو پناہ دینے والے عناصر اور دیگر بااثر افراد کی نشاندہی کریں اور سندھ کو جرائم پیشہ افراد سے پاک کرنے میں سندھ رینجرز کی مدد کے لیے رینجرز ہیلپ لائن 1101 یا رینجرز مددگار واٹس ایپ نمبر 03479001111 پر کال یا ایس ایم ایس کے ذریعے فوری اطلاع دیں۔ آپ کا نام صیغہ راز میں رکھا جائے گا۔


