میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
بلدیہ عظمیٰ لندن گروپ کے احکامات پر رشوت وصولی عروج پر پہنچ گئی

بلدیہ عظمیٰ لندن گروپ کے احکامات پر رشوت وصولی عروج پر پہنچ گئی

ویب ڈیسک
جمعرات, ۱۷ دسمبر ۲۰۲۰

شیئر کریں

(رپورٹ: جوہر مجید شاہ )کمشنر کراچی ڈویژن نے ضلعی بلدیات کو تمام اقسام کی ریکوریز، ٹیکس، چالان کی وصولی سے فوری طور پر روکنے کے احکامات جاری کئے تھے انکا کہنا تھا کہ یہ بلدیہ عظمیٰ کراچی کا قانونی حق و اختیار ہے جسے ضلعی بلدیات غیرقانونی طور پر استعمال کررہی ہیں، سابق کمشنر و ایڈمنسٹریٹر کے احکامات ہوا میں، ضلعی بلدیات کی انتظامیہ کرپٹ مافیا تاحال ریکوریز، ٹیکس، چالان کی مد میں شہر بھر سے غیرقانونی وصولیوں میں مگن ہے، ضلعی انتظامیہ اس حوالے سے کہیں لینڈ یوٹیلائزیشن کہیں جنریٹر کہیں فٹ پاتھ و دیگر غیرقانونی انداز، طریقوں سے شہریوں ،صارفین کیلئے مستقل عذاب بنی ہوئی ہے، جبکہ دوسری طرف ضلعی انتظامیہ نے سپریم کورٹ کے واضح دوٹوک احکامات کو بھی جوتے کی نوک پر لے لیا ہے۔ تمام ضلعی بلدیات کا محکمہ لینڈ، پارکس کے متعلقہ ڈائریکٹرز و دیگر ذمہ داران نے اپنے علاقوں کے پارکس ،کھیل کے میدان ، تفریح گاہوں کو عدالتی احکامات کے برعکس ، برخلاف شادی و دیگر تقریبات کی غیرقانونی اجازت دیکر بھاری نذرانوں، وصولیوں کا ذریعہ بنا لیا ہے۔ اس پر ہی بس نہیں بلکہ ان غیرقانونی اجازت ناموں و وصولیوں کا بزنس اس وقت پورے شہر میں اپنے مکمل جوبن و عروج پر ہے، اس دھندے میں حکومتی طور پر نافذکردہ ایس او پیز کی بھی دھجیاں بکھیر دی گئی ہیں۔ اس کھیل و پارکس کے میدانوں میں غیرقانونی تقریبات کی اجازت دینے کی مجاز اتھارٹی، ضلعی انتظامیہ کے علاوہ اسٹیٹ ایکٹرزسیاسی جماعتوں کے کارکنان ، پریشرز گروپس،جیل ،ریل سے چھوٹنے اور اس کی یاترا سے سند یافتہ عناصر بھی شادی بیاہ تقریبات کی اجازت دے رہے ہیں، جو بات ٹکراؤ کا سبب بھی بن رہی ہے، اس وقت ڈپٹی کمشنر کورنگی کے ماتحت ڈسٹرکٹ کورنگی میں 78سے زائد گراؤنڈز بشمول عیدگاہ موجود ہیں، جن میں ڈی ایم سی سے اجازت نامہ لیکر شہری تقاریب منعقد کروارہے ہیں۔ ادھر ملنے والی اطلاعات کے مطابق ڈی ایم سی کورنگی ماڈل کالونی زون میں تعینات اسسٹنٹ کمشنر کے پی اے امین لندن گروپ کا کارندہ نے ماڈل زون میں واقع آر سی گراؤنڈ اور عیدگاہ سعود آباد سمیت دیگر علاقوں کے گراؤنڈز، پارکس سابقہ لندن اور آج پیپلز پارٹی کے ساتھ کے احکامات پر رشوت وصولی کا ذریعہ بنا لیا ہے۔ ذرائع کہتے ہیں شادی بیاہ کی تقریبات کیلئے حکومتی ایس او پیز کے تحت ڈی ایم سی کورنگی کی طرف سے عام شہریوں کیلئے ایک ہزار روپے این او سی کی فیس مقرر کی گئی ہے۔ روزنامہ جرأت کی سروے رپورٹ کے مطابق لندن گروپ کا عمران علی عابدی عرف عمران ڈان مشہور و معروف سابق کیبل آپریٹر آج بھی کیبل چلارہا ہے نے اے سی ماڈل زون کے پی اے امین کیساتھ مشترکہ ساز باز ملی بھگت سے کیٹرنگ اور پروگرام کی اجازت لینے والے عام شہریوں سے ڈی ایم سی کورنگی و ڈپٹی کمشنر کورنگی کے نام پر 5ہزار روپے فی پروگرام کے حساب سے رشوت وصول کررہا ہے، جبکہ تقریب منعقد کرنے والی پارٹی چالان کی ( 1 ) ہزار روپے کی فیس ڈسٹرکٹ کورنگی کے کھاتے میں جمع کروا رہی ہے، مگر لندن گروپ کا عمران ڈان اضافی رقم لیے بغیر تقریب میں رکاوٹ بنتا ہے۔ واضح رہے کہ لندن گروپ کے عمران ڈان کو قانون نافذ کرنے والے اداروں نے پہلے بھی گرفتار کیا تھا، جب کہ اس گروپ کے دیگر کارندوں میں زاہد ظفر رضوی سابق یوسی چیئرمین،بیٹر کامران عرف کامی اور مختیار کار نادر علی بھی شامل ہیں، گزشتہ عرصہ دوماہ کے دوران ڈی ایم سی کورنگی نے شادی و دیگر تقریبات کی مد میں 1 کروڑ سے زائد ریونیو ، آمدنی دکھائی ہے، لیکن مذکورہ لندن گروپ کے عمران علی عابدی،زاہد ظفر رضوی اور بیٹر کامران عرف کامی کو اے سی ماڈل ٹاؤن اور مختیار کار نادر علی کی مکمل آشیرواد حاصل ہے، اے سی ماڈل کالونی کا پی اے امین فرنٹ مین کے طور پر لندن گروپ کیلئے خدمات انجام دے رہا ہے۔ مختلف سیاسی سماجی مذہبی جماعتوں اور شخصیات نے سپریم کورٹ وزیر اعلیٰ سندھ گورنر سندھ وزیر بلدیات سمیت تمام تحقیقاتی اداروں سے اٹھائے گئے حلف اور اپنے فرائض منصبی کے مطابق سخت ترین قانونی و تادیبی کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں