سراج درانی کے خلاف زائد اثاثہ ریفرنس ،مفرور ملزمان سے متعلق رپورٹ پیش
شیئر کریں
اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی کے خلاف آمدن سے زائد اثاثے بنانے سے متعلق ریفرنس میں تفتیشی افسر نے مفرور ملزمان سے متعلق رپورٹ کراچی کی احتساب عدالت میں پیش کر دی۔ریفرنس میں آغا سراج درانی کے اہلِ خانہ سمیت 11ملزمان مفرور ہیں۔ریفرنس کی سماعت کے دوران اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی و دیگر ملزمان احتساب عدالت میں پیش ہوئے ۔دورانِ سماعت تفتیشی افسر نے مفرور ملزمان سے متعلق رپورٹ عدالت میں پیش کی جس میں بتایا گیا ہے کہ مفرور ملزمان کو اشتہاری قرار دینے کی کارروائی شروع کر دی گئی ہے ۔رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ اخبارات میں مفرور ملزمان کے حوالے سے اشتہارات بھی دیے گئے ہیں اور ان کی جائیداد کی تفصیلات حاصل کی جا رہی ہیں۔عدالت میں میڈیا سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی نے کہا کہ سندھ میں پیپلز پارٹی کی حکومت ہے جو اپنا وقت پورا کرے گی۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ میرا میڈیا ٹرائل کیا گیا ہے ، ضمانت کے بعد اچھا محسوس ہو رہا ہے ۔عدالت نے آئندہ سماعت پر پیش رفت رپورٹ طلب کرتے ہوئے سماعت 15 جنوری تک ملتوی کر دی۔واضح رہے کہ سندھ ہائی کورٹ نے گزشتہ ہفتے اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج دارانی کی آمدن سے زائد اثاثہ کیس میں ضمانت منظور کر لی تھی جبکہ ملزمان کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کا حکام دیا تھا۔