میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
عمران خان کے دستِ راست ،سیف اللہ خان نیازی کی چھٹی۔۔عاطف خان ایڈیشنل سیکرٹری جنرل مقرر

عمران خان کے دستِ راست ،سیف اللہ خان نیازی کی چھٹی۔۔عاطف خان ایڈیشنل سیکرٹری جنرل مقرر

منتظم
هفته, ۱۷ دسمبر ۲۰۱۶

شیئر کریں

پارٹی اجلاسوں میں کھری بات کرنے کی وجہ سے بہت سی قوتوں کی آنکھوں کا کانٹا بنے رہے
عمران خان کے وزیر اعظم بننے کے بعد شادی کرنے کا ارادہ رکھتے تھے، مایوسی کے بعد شادی بھی کرلی
انوار حسین حقی
پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی جنرل سیکرٹری جہانگیر خان ترین کے اعلان کے مطابق سابق ایڈیشنل جنرل سیکرٹری سیف اللہ خان نیازی کی جگہ خیبر پختونخوا کے علاقے مردان سے تعلق رکھنے والے صوبائی وزیر عاطف خان کو پارٹی کا مرکزی ایڈیشنل جنرل سیکرٹری بنا دیا گیا ہے ۔ بظاہر یہ ایک عام سا اعلامیہ ہے جسے پاکستان تحریک انصاف کا اندرونی معاملہ قرار دے کر نظر انداز کیا جا سکتا ہے ۔ لیکن درحقیقت اس فیصلے کے پاکستان تحریک انصاف کے طرزِ سیاست پر دور رس اثرات مرتب ہوں گے اور پارٹی کے نئے رُجحان کا تعین ہو گا ۔ جہانگیر خان ترین کی طرف سے کیے جانے والے اعلان میں خاص طور پر سیف اللہ نیازی کی جگہ کے الفاظ استعمال کیے گئے جس سے ملک بھر کے طول و عرض میں پھیلے ہوئے لاکھوں کارکنوں کو یہ پیغام دیا جانا مقصود ہے کہ اب سیف اللہ نیازی کا پارٹی معاملات سے کوئی تعلق نہیں رہا ۔
سیف اللہ خان نیازی عمران خان کے ان قریبی ساتھیوں میں نمایاں ہیں جو پارٹی کے نہ صرف بانیوں میں شامل ہیں بلکہ پی ٹی آئی کی 20 سالہ جدوجہد کا ہراول دستہ ہیں ۔انہیں عمران خان کے بہی خواہوں میں ایک مضبوط پوزیشن ہمیشہ حاصل رہی۔ عمران خان نے جب پاکستان تحریک انصاف کی بنیاد رکھی تو سیف نیازی کی عمر بیس سال کے قریب تھی وہ امریکا سے پاکستان آئے اور پھر عمران خان کے ہو کر رہ گئے ۔ انہوں نے اپنی زندگی کے قیمتی سنہرے 20 سال عمران خان کے خواب کی تعبیر کی جدو جہد کی نذر کر دیئے ۔ انہیں عمران خان کی بہت زیادہ قربت حاصل رہی ،عمران خان کے بہت سے ذاتی معاملات میں سیف نیازی ان کے ساتھ رہے ۔
2013 ءکے عام انتخابات کے بعد صوبہ کے پی کے میں قائم ہونے والی تحریک انصاف کی صوبائی حکومت کے معاملات کی نگرانی عمران خان کی جانب سے انہیں سونپی گئی تھی جو وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا پرویزخٹک کو پسند نہیں تھی ۔ سیف اللہ خان نیازی نے صو بہ خیبر پختونخوا کے بلدیاتی نظام کو عمران خان کی اُمنگوں اور پارٹی منشو رکے قالب میں ڈھالنے کی ہر ممکن کوشش کی لیکن انہیں صوبائی حکومت اور پارٹی میں موجود روایتی سیاسی قوتوں کی جانب سے شدید مزاحمت کا سامنا کرنا پڑا ۔ کے پی کے کی حکومت میں جہانگیر ترین کے اثر و رسوخ کی راہ میں رکاوٹ سمجھے جانے والے سیف اللہ نیازی ہر لمحہ عمران خان کے مشن اور عز م کی تکمیل کے لیے سرگرداں رہے وہ پارٹی اجلاسوں میں کھری بات کرنے کی وجہ سے بھی بہت سی قوتوں کی آنکھوں کا کانٹا بنے رہے ۔
پارٹی کا ایڈیشنل جنرل سیکرٹری مقرر ہونے کے بعد جنرل سیکرٹری جہانگیر ترین اور ان کے درمیان اختلافات کی خلیج گہری ہوتی چلی گئی تھی جس پر انہوں نے اپنے عہدے سے استعفیٰ پارٹی چیئر مین عمران خان کو بھجوادیا تھا ۔ عمران خان نے انہیں استعفیٰ واپس لینے کا کہا تو سیف نیازی نے موقف اختیار کیا کہ وہ عہدے کے بغیر بھی عمران خان کے مشن کے لیے اُسی طرح سرگرم رہیں گے جس طرح وہ گزشتہ20 سالوں سے ساتھ ہیں ۔ یہ استعفیٰ کافی دنوں تک بنی گالہ تک رسائی رکھنے والوں کے درمیان رہا ۔ پھر اچانک ایک رات پارٹی کی ایک مخصوص لابی نے اس کی خبر میڈیا تک پہنچا دی تھی ۔
پارٹی کے معاملات سے باخبر حلقوں کا کہنا ہے کہ سیف اللہ نیازی اپنی شادی کے معاملات ایک طویل عرصے سے ٹالتے چلے آر ہے تھے۔ دوستوں کے استفسار پر اکثر کہا کرتے تھے کہ میں شادی اُس وقت کروں گا جب عمران بھائی وزیر اعظم بن جائیں گے ، ان کے استعفیٰ کی خبر عام ہوئی اور پارٹی کے ترجمان نعیم الحق کے ساتھ ساتھ خود سیف اللہ نیازی نے بھی اس کی تصدیق کر دی تو انکے وہ دوست جو یہ جانتے تھے کہ سیف اللہ نیازی جس قدر دھُن کے پکے ہیں اسی طرح ضد کے بھی پکے ہیں ۔ ان سب نے انہیں شادی کرنے کا مشورہ دیا ۔ سیف اللہ خان نیازی کی شادی گزشتہ روزاسلام آباد میں بخیر و خوبی انجام پائی عمران خان ان کی بارات اور ولیمہ میں اپنے تمام ساتھیوں سمیت شریک ہوئے ۔ اس شادی کی سب سے اہم بات یہ ہے کہ اس میں خیبر سے کراچی تک کے پارٹی رہنماو¿ں اور کارکنوں نے بڑی تعداد نے شرکت کی جس پر عمران خان نے سیف نیازی کو خوش ہو کر مبارکباد دیتے ہوئے کہا تھا ” شادی کی مبارک ہو اور جلسے کی بھی “۔
سیف اللہ نیازی شادی کے بعد تین ہفتوں کے لیے ترکی چلے گئے جس کی وجہ سے ان کے استعفیٰ کی منظور ی یاواپسی کا معاملہ التواءکا شکار ہو گیا تھا ۔ ایک ہفتہ قبل وہ پاکستان واپس آئے ۔ دو روز قبل انہیں ایک ایس ایم ایس کے ذریعے پارٹی کی کور کمیٹی کے اجلاس میں شرکت کی دعوت دی گئی لیکن وہ اجلاس میں شریک نہیں ہوئے جس کے بعد جہانگیر ترین کی جانب سے ان کی جگہ عاطف خان کی نامزدگی کر دی گئی ۔
سیف اللہ خان نیازی کی پارٹی معاملات سے یکسر لاتعلقی پارٹی معاملات میں جہانگیر ترین گروپ کی مضبوط گرفت کی آئینہ دار ہے جس کا پارٹی کے اندرونی معاملات خصوصاً صوبہ کے پی کے پر گہرا اثر پڑے گا ۔ سیف اللہ نیازی کی جانب سے ابھی مستقبل کی ترجیحات سامنے نہیں آئیں اس لیے ان کے مستقبل کے سیاسی لائحہ عمل کے بارے میں ابھی یقین سے کچھ نہیں کہا جا سکتا ۔ تاہم تازہ ترین صورتحال سے پارٹی کے نئے رجحان کا بخوبی اندازہ ہو رہا ہے ۔


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں