تیاری مکمل،آزادی مارچ، اکتوبر سے آگے نہیں جائے گا،عمران خان کا حکومت کو الٹی میٹم
شیئر کریں
پاکستان تحریک انصاف کے چیئر مین عمران خان نے کہاہے کہ انتخابات کا اعلان نہ کیا گیا تو اکتوبر میں کسی بھی وقت مارچ کا اعلان کرونگا ،انتخابات کے اعلان کیلئے یہ صحیح وقت ہے، عوام سڑکوں پر خود آگئی تو کوئی کسی کے پاس روکنے کا کوئی طریقہ نہیں،کراچی کے ایک حلقے میں پیپلز پارٹی نے کھل کر دھاندلی کی ہے، سندھ کا الیکشن کمیشن سندھ حکومت کے پے رول پر ہے، چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجا مسلم لیگ (ن) کا خاص آدمی ہے، ہمیں ان پر کوئی اعتماد نہیں ،ملیر کراچی میں دوبارہ الیکشن کرائے جائیں ،ہمارے مذاکرات ہو رہے، کوئی کلیئریٹی نہیں،آرمی چیف کی تعیناتی میں نوازشریف اور آصف زرداری شامل نہ ہوں، نوازشریف زر داری کا وقت ختم ہوگیا، اب یہ ہاریں گے۔پاکستان تحریک انصاف کے چیئر مین عمران خان کی زیر صدارت سینئر قائدین کا اہم اجلاس ہوا جس میں ملک بھر میں ضمنی انتخابات میں تحریک انصاف کی تاریخی کامیابی پر اظہارِ تشکر کیا ۔چیئرمین تحریک انصاف کی جانب سے عوام کو نہایت قلیل وقت میں انتخاب کیلئے متحرک کرنے پر کارکنان اور ذمہ داران کی تحسین پیش کیا گیا ۔اجلاس میں امریکی صدر جوبائیڈن کے اشتعال انگیز بیان اور حکومت کے ردعمل کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔پاکستان کی آزادی و خودمختاری کے ضمن میں امریکی صدر کے بیان پر شدید تشویش کا اظہار کیا گیا۔اجلاس میں سینٹر اعظم سواتی پر زیرحراست تشدد نے شدید ترین الفاظ میں مذمت کی ۔سینیٹر اعظم سواتی پر تشدد کی تحقیقات اور ذمہ داروں کیخلاف سخت کارروائی کیلئے اقدامات کی منظوری دی گئی ،اجلاس میں حقیقی آزادی کی تحریک کے حتمی مرحلے کی منصوبہ بندی پر تفصیلی مشاورت کی گئی ، اجلاس میں چیئرمین تحریک انصاف کی اہم ترین پریس کانفرنس کے نکات پر بھی تفصیلی مشاورت کی گئی ۔اجلاس کے بعد پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے کہا کہ یہ لوگ ملک کو تباہی کی طرف لے کر جائیں گے تاہم الیکشن کا اعلان نہیں کریں گے اس لیے میں ان کو ایک مرتبہ پھروقت دے رہا ہوں تاہم مارچ اکتوبر سے آگے نہیں جائے گا۔انہوں نے کہا کہ اب سے لے کر اکتوبر میں کسی بھی وقت میں اعلان کردوں گا، ان کو وقت دے رہا کہ ملک کی خاطر، اپنے آپ کو بچاتے بچاتے ملک کو تباہ نہ کریں۔انتخابات کے اعلان کیلئے یہ صحیح وقت ہے، اگر نہیں کریں گے تو میں مارچ کروں گا اور اس کے لیے میری تیاری تقریباً مکمل ہے۔عمران خان نے کہا کہ مارچ میں پتا چل جائے گا کہ عوام کہاں کھڑی ہے، عوام سڑکوں پر خود آگئی تو کوئی کسی کے پاس روکنے کا کوئی طریقہ نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ عوام ابھی تک سڑکوں پر کیوں نہیں آئی حالانکہ پچھلے 5 میں انہوں نے جو مہنگائی کی ہے وہ 50 سال میں سب سے زیادہ ہے تو اس کی وجہ یہ ہے کہ ایک سیاسی جماعت ان کو ایک منظم طریقے سے احتجاج میں لے کر جاتی ہے اور واپس لے آتی ہے۔عمران خان نے کہا کہ ایک دفعہ جب ہم مارچ کا اعلان کریں گے تو عوام سڑکوں پر آئیں گے اور جس طرح کے عوام نکلیں گے تو اس بات کی کوئی ضمانت نہیں دے سکتا کہ اتنے عوام نکلیں گے تو پھر اس کا کیا نتیجہ نکلے گا۔انہوں نے کہا کہ میں ان سب کو جو پاکستان میں اس حوالے سے کچھ کر سکتا ہے اور ان سیاسی جماعتوں کو بھی کہنا چاہتا ہوں کہ آپ کے پاس زیادہ وقت نہیں ہے، ہم اکتوبر سے آگے نہیں جائیں گے، ہم فیصلہ کرچکے ہیں اور چند دنوں میں کسی بھی وقت میں اس کا اعلان کردوں گا۔