پیٹرولیم مصنوعات 12روپے فی لیٹرتک مہنگی ،حکومت نے عوام پرقہرڈھادیا
شیئر کریں
حکومت نے بجلی اور یوٹیلٹی سٹورز پر گھی اور آئل کی قیمتوں میں اضافے کے بعد پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 12 روپے فی لیٹر تک اضافہ کر دیا۔وزارت خزانہ کی جانب سے جاری نوٹی فکیشن میں عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمت 85 ڈالر فی بیرل تک پہنچنے کو پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کی وجہ بتایا گیا ہے۔نوٹی فکیشن کے مطابق اگلے 16 روز کے لیے پیٹرول کی فی لیٹر قیمت میں 10 روپے 49 پیسے اور ڈیزل کی فی لیٹر قیمت میں 12 روپے 44 پیسے کا اضافہ کردیا گیا ہے۔قیمتوں میں اضافے کے بعد اب عوام کو پیٹرول 137 روپے 79 پیسے فی لیٹر جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل 134 روپے 48 پیسے فی لیٹر میں دستیاب ہوگا۔پیٹرول اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کے ساتھ ساتھ مٹی کے تیل کی قیمت میں 10 روپے 95 پیسے فی لیٹر اور لائٹ ڈیزل آئل قیمت میں 8 روپے 84 پیسے فی لیٹر کا اضافہ بھی کیا گیا ہے اس اضافے کے بعد مٹی کا تیل 110 روپے 26 پیسے فی لیٹر ، لائٹ ڈیزل آئل 108 روپے 35 پیسے فی لیٹر ہوگیا ہے۔یاد رہے کہ اوگرا کی جانب سے پیٹرول کی قیمت 5روپے 90پیسے فی لیٹر تک بڑھانے کی تجویز کی گئی تھی۔ذرائع کے مطابق ملکی تاریخ میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں ریکارڈ سطح پر پہنچ گئی ہیں ۔ ماہرین کے مطابق آنے والے دنوں میں کھانے پینے والی اشیاء اور کرایوں میں بھی اضافہ متوقع ہے ۔