میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
ملک میں مہنگائی کاجن بے قابو،آٹے کابحران شدیدقیمت 135 روپے کلو تک جا پہنچی

ملک میں مہنگائی کاجن بے قابو،آٹے کابحران شدیدقیمت 135 روپے کلو تک جا پہنچی

ویب ڈیسک
هفته, ۱۷ ستمبر ۲۰۲۲

شیئر کریں

سندھ، خیبر پختونخوا اور بلوچستان میں فلور ملز کو سرکاری گندم کا اجراشروع نہ ہونے سے صورتحال بگڑنے لگی، مختلف شہروں میں نجی گندم کی قیمت 3500 روپے فی من ہوگئی،ملک میں آٹا 200 روپے فی کلو تک ہونے کا خدشہ
ایک ہفتے میں 30 اشیا کی قیمتوں میں اضافہ ریکارڈ ،چائے کی پتی ،انڈے ،دال مونگ ،دال ماش،باسمتی چاول،ٹوٹاچاول ودیگراشیائے خورونوش کے دام بڑھادیے گئے ، مہنگائی کی شرح 40 فیصد سے نیچے نہ آ سکی

اسلام آباد(بیورورپورٹ)مہنگائی کی سلسلہ تھم نہ سکا، ایک ہفتے میں 30 اشیا کی قیمتوں میں اضافہ ریکارڈ،پتی، انڈے، مختلف دالیں، آٹا، چاول کی قیمتوں میں اضافہ ہوا، مہنگائی کی شرح تاحال 40 فیصد سے نیچے نہ آ سکی۔ مہنگائی کی ہفتہ وار شرح میں 0.19 فیصد کی معمولی کمی ،مہنگائی کی مجموعی شرح تاحال 40 فیصد سے نیچے نہ آ سکی، ایک ہفتے میں 30 اشیا کی قیمتوں میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا،ادارہ شماریات نے ہفتہ وار مہنگائی کے اعداد و شمار جاری کر دیئے۔ ادارہ شماریات کے مطابق چائے کی پتی، دال مونگ، دال ماش، انڈے، آٹا چاول مہنگے، 190 گرام برینڈڈ چائے کی پتی کا پیکٹ 18 روپے سے زائد مہنگا، دال مونگ کی فی کلو قیمت میں 8 روپے 31 پیسے کا اضافہ، ایک ہفتے میں فی درجن انڈوں کی قیمت 235 روپے سے بڑھ کر 242 روپے تک پہنچ گئی، ادارہ شماریات کا کہنا ہے کہ20 کلو آٹے کا تھیلا ایک ہفتے میں 25 روپے 41 پیسے مہنگا ہوا، ٹوٹا باسمتی چاول کی فی کلو قیمت میں1روپے61 پیسے کا اضافہ ہوا جبکہ دال ماش کی فی کلو قیمت میں 6 روپے 34 پیسے اضافہ ریکارڈ ہوا، ادارہ شماریات کے مطابق ایک ہفتے میں بیف دو روپے تک مہنگا ہوا، مٹن کی فی کلو قیمت میں 3 روپے اٹھانوے پیسے کا اضافہ ریکارڈ، ایک ہفت میں 10 اشیا کی قیمتوں میں کمی اور 11 کی قیمتوں میں استحکام رہا، رواں ہفتے پیاز اور ٹماٹر کی فی کلو قیمت میں 16 روپے تک کمی ہوئی، ایل پی جی کا گھریلو سلنڈر 80 روپے تک سستا ہوا۔
مہنگائی

کراچی / لاہور / پشاور(نیوز:ایجنسیاں)قیمت کنٹرول کرنے کے حکومتی اقدامات بے نتیجہ ثابت ہوئے اور ملک بھرمیں آٹے کی قیمتوں میں اضافہ ہوگیا۔15 کلو آٹے کا تھیلا 1550 سے لیکر 2600 روپے تک میں فروخت ہونے لگا۔ سندھ، خیبر پختونخوا اور بلوچستان میں فلور ملز کو سرکاری گندم کا اجراشروع نہ ہونے سے صورتحال بگڑنے لگی۔ قیمتوں میں مسلسل اضافے سے عوام پریشان ہوگئے۔کراچی ہول سیل گروسری ایسوسی ایشن کے چیئرمین عبدالروف ابراہیم نے ملک میں آٹے کا بحران سنگین ہونے اور فی کلو قیمت 200 روپے تک ہونے کا خدشہ ظاہر کردیا ،سیلاب زدہ علاقوں میں تقسیم کے لیے بھی آٹے کی طلب میں غیر معمولی اضافہ ہوگیا ہے۔ مختلف شہروں میں نجی گندم کی قیمت 3500 روپے فی من سے بھی زیادہ ہوگئی۔پشاور میں نجی گندم کی قیمت 3550 روپے من، کراچی میں 3600 روپے، راولپنڈی 3625 روپے ، لاہور 3500 روپے من تک پہنچ گئی۔ اسی طرح لاہور میں 15 کلو نجی آٹا تھیلا کی قیمت1550روپے، راولپنڈی 1750 ، پشاور 2300 سے 2500 روپے تک ، کراچی میں 2200 روپے تک پہنچ گئی۔بلوچستان میں گندم نہ ہونے سے فلورملز بند ہوگئیں اور پنجاب سے آنے والے آٹے کی قیمت2600 روپے سے زائد ہوگئی۔وفاقی حکومت نے گندم کی قیمتوں کو کم کرنے کیلئے نجی شعبے کو امپورٹ کی اجازت دینے پر دوبارہ غور شروع کردیا۔ گزشتہ ہفتے اقتصادی رابطہ کمیٹی نے بھی نجی شعبہ کو 8 لاکھ ٹن گندم امپورٹ کی سفارش کی تھی جسے وفاقی کابینہ نے مسترد کردیا تھا ۔پنجاب میں آئندہ ہفتے سرکاری گندم آٹا کی قیمت میں ممکنہ اضافے پر دوکانداروں اور ڈیلرز نے ذخیرہ اندوزی بھی شروع کردی۔ملک کے باقی شہروں کی طرح کراچی میں بھی آٹے کا بحران پیدا ہوگیا اور فی کلو آٹے کی قیمت 125 روپے تک پہنچ گئی۔ چھوٹی چکی کا آٹا 135 روپے کلو فروخت ہونے لگا۔ سندھ میں سرکاری قیمت 4000 روپے فی من مقرر کرنے کے بعد اوپن مارکیٹ میں گندم کی قیمت کو پر لگ گئے جہاں گندم کی قیمت 110 روپے کلو تک پہنچ گئی۔


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں