میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
حافظ نعیم کا مہنگائی، شوگر مافیا کیخلاف ملک گیر احتجاج کا اعلان

حافظ نعیم کا مہنگائی، شوگر مافیا کیخلاف ملک گیر احتجاج کا اعلان

ویب ڈیسک
جمعرات, ۱۷ جولائی ۲۰۲۵

شیئر کریں

مہنگی بجلی، چینی اور پیٹرول کی قیمتوں میں اضافہ کیخلاف جمعہ،اتوار کو مظاہرے ہوں گے، امیر جماعت اسلامی
حقوق بلوچستان لانگ مارچ سے اظہار یکجہتی ، کے پی میں قیام امن کیلئے قومی جرگہ تشکیل دیا جائے، پریس کانفرنس

امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے مہنگی بجلی، پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ہوش ربا اضافہ اور شوگر مافیا کے خلاف جمعہ 18جولائی کو ملک گیر اور اتوار 20جولائی کو ڈویژنل ہیڈکوارٹرز کی سطح پر احتجاجی مظاہروں کا اعلان کیا ہے۔بدھ کو منصورہ میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے امیر جماعت نے کہا کہ ایسا دکھائی دیتا ہے کہ شیر نے بھی چینی کھانا شروع کردی ہے۔ فارم سنتالیس سے مسلط جعلی حکومت نے عوام کا جینا محال کردیا ہے، ن لیگ اور پیپلز پارٹی کا اتحاد اور ان کی جانب سے شوگر مافیا کی مکمل سرپرستی ملک و قوم کے لیے تباہ کن ثابت ہورہی ہے۔ ممبر شپ مہم مکمل ہونے اور عوامی کمیٹیوں کی تشکیل کے مراحل سے گزرنے کے بعد جماعت اسلامی کرپٹ نظام اور سات دہائیوں سے مسلط ٹولے کے خلاف منظم اور پرامن جدوجہد کا ازسر نو آغاز کررہی ہے، فرسودہ نظام اور اس کے چوکیداروں سے خلاصی کے بغیر نجات کا کوئی راستہ نہیں۔حافظ نعیم الرحمن نے جماعت اسلامی بلوچستان کی جانب سے صوبہ کے عوام کے حقوق کے لیے اور وسائل کی لوٹ مار کے خلاف 25جولائی کو ہونے والے کوئٹہ تا اسلام آباد تاریخی لانگ مارچ کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا اور کارکنان کو اس احتجاج میں بھرپور شرکت کی ہدایات جاری کیں۔ انہوں نے خیبر پختوانخواہ میں قیام امن کے لیے قومی جرگہ کی تشکیل کا مطالبہ کیا اور کہا کہ یہ جرگہ قیام امن کے لیے جامع سفارشات دے جن پر حکومت کی جانب سے عمل کیا جائے۔


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں