میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
عمران خان بہکی بہکی باتیں کررہے ہیں'مریم اورنگزیب

عمران خان بہکی بہکی باتیں کررہے ہیں'مریم اورنگزیب

ویب ڈیسک
اتوار, ۱۷ جولائی ۲۰۲۲

شیئر کریں

وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ پنجاب میں حالات ،حلقہ بندیوں کے لحاظ سے مسلم لیگ کا پلڑا بھاری ہے، مریم نواز کی شاندار کمپین کے باعث (ن) لیگ کے جلسوں میں جوش و خروش رہا،عمران خان جس طرح کی باتیں کر رہے ہیں لگتا ہے ان کی زبان اور دماغ ان کے قابو میں نہیں،عمران خان نے ملک کو سری لنکا بنانے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی، پنجاب کے عوام نے عمران خان کی دی ہوئی بے روزگاری، مہنگائی اور معاشی تباہی کے خلاف اعلان جنگ کر دیا ہے،رپورٹرز ود آئوٹ بارڈرز کی رپورٹ عمران خان کا اعمال نامہ ہے،ان کے دور میں میڈیا اداروں پر پابندیاں لگائی گئیں، چینلز کو بند کیا گیا۔وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے ہفتہ کو پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب میں (آج) ضمنی انتخابات ہو رہے ہیں، مسلم لیگ(ن)کے قائد نواز شریف اور صدر شہباز شریف نے جو ذمہ داری مریم نواز کو سونپی، انہوں نے اسے مثالی طریقے سے نبھایا۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب میں حالات اور حلقہ بندیوں کے لحاظ سے مسلم لیگ کا پلڑا بھاری ہے، مریم نواز کی شاندار کمپین کے باعث (ن) لیگ کے جلسوں میں جوش و خروش رہا۔انہوں نے کہا کہ آج عمران خان نے اپنی تقریر میں اپنی شکست کا اعتراف کیا،عمران خان جس طرح کی باتیں کر رہے ہیں اس سے لگتا ہے کہ ان کی زبان اور دماغ ان کے قابو میں نہیں،ایسا تب ہوتا ہے کہ جب انسان گھبرایا ہوا، ہارا ہوا، مسترد شدہ اور ناکام ہو۔انہوں نے کہا کہ عمران خان جانتے ہیں کہ یہ چاروں چیزیں ان میں ہیں، وہ مسترد اور ناکام ہو چکے ہیں، ضمنی الیکشن وہ ہار چکے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پنجاب کے عوام نے عمران خان کی دی ہوئی بے روزگاری، مہنگائی اور معاشی تباہی کے خلاف اعلان جنگ کر دیا ہے۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ عمران خان نے چار سالوں کے دوران ملک میں عوام کو تکلیف کے سوا کچھ نہیں دیاعمران خان نے ملک کو سری لنکا بنانے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی۔انہوں نے کہا کہ ضمنی انتخابات میں اس جماعت کی فتح ہوگی جس نے ہمیشہ پاکستان کو معاشی بحرانوں سے نکالا اور معاشی استحکام کی طرف لے کر گئی۔انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن)نے عوام کو مہنگائی کے طوفان سے نکال کر مہنگائی کم کرنے کیلئے اقدامات اٹھائے۔انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) ہی وہ جماعت ہے جو ملک کو اندھیروں سے نکال کر روشنیاں پھیلا سکتی ہے،مسلم لیگ (ن)نے ہی ملک کو دہشت گردی کی لعنت سے چھٹکارا دلایا، دہشت گردوں کی کمر توڑی اور ملک کا امن بحال کیا۔انہوں نے کہا کہ یہی وہ جماعت ہے جس نے ملکی ترقی کی شرح 6فیصد تک پہنچائی، ملک سے اندھیروں کا خاتمہ کیا، معیشت کو درست کیا۔


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں