وزیر اعظم کا کرکٹ ٹیم کومیچ کی آخری گیند تک لڑنے کا مشورہ
شیئر کریں
وزیراعظم عمران خان نے قومی کرکٹ ٹیم کو مشورہ د یتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت کے خلاف جیت کی حکمت عملی سے کھیلنے کے لیے کپتان سرفراز احمد کو تجربہ کار بلے بازوں اور بولروں سے کھیلنا چاہیے کیوں کہ”ریلو کٹے ”دبائو میں نہیں کھیل سکتے ۔وزیراعظم عمران خان نے پاکستان اور بھارت کے درمیان کھیلے جانے والے میچ سے قبل قومی ٹیم کے کپتان کو کچھ مشورے د یے اور اس میچ کے نتیجے میں سامنے آنے والے دبائو کا ذکر اپنی مختلف ٹوئٹس میں کیا۔وزیراعظم نے اپنے مشورے میں کہا کہ کپتان سرفراز احمد کو لازمی ٹاس جیت کر بیٹنگ کرنی چاہیے اور جیت کی حکمت کو مد نظر رکھتے ہوئے تجربہ کار بلے بازوں اور بولروں کے ساتھ میدان میں اترنا چاہیے کیوں کہ ریلو کٹے دبائو میں اکثر کم ہی پرفارم کرتے ہیں اور آج اسی سوچ کے ساتھ اترنا چاہیے ۔وزیراعظم نے کہا کہ کھلاڑیوں کو شکست کے تمام خوف کو ذہنوں سے نکال کر دماغ کو صرف مثبت رکھنے کی ضرورت ہے ، شکست کا خوف منفی اثر چھوڑتا ہے جس سے مخالف ٹیم کے خلاف حکمت عملی خراب اور غلطیاں شروع ہوجاتی ہیں۔انہوں نے کہا کہ البتہ بھارتی ٹیم فیورٹ ہے لیکن شکست کے خوف کو پس پشت ڈالیں، صرف اچھا کرنے کی کوشش کریں اور میچ کی آخری گیند تک لڑیں جس کے بعد میچ کو جو بھی نتیجہ ہو اسے قبول کریں۔وزیراعظم عمران خان نے مزید کہا کہ قوم کی دعائیں ٹیم کے ساتھ ہیں۔