شکار پور میں بدامنی تھم نہ سکی، کچے کے ڈاکو بے لگام
شیئر کریں
شکارپور میں کچے کے ڈاکو2مزید شہریوں کواغوا کر کے لے گئے ، دونوں ایک فش فام پر چوکیدرای کرتے تھے ۔ تفصیلات کے مطابق ضلع شکارپور میں بد امنی تھم نہیں سکی ہے ، کچے کے ڈاکو بے لگام ہو گئے اور مزید دو افراد کو اغوا کر کے لے گئے ہیں، شکارپور کی تحصیل خانپور کے قریب فیضو کے مقام پر واقع فش فارم پر موجود دو چوکیداروں کو اغوا کرلیا گیا ہے ۔ضلع بھر سے اغوا ہونے والے افراد کی تعداد 10 ہو گئی ہے ، مغویوں کی شناخت محمد صالح پہوڑ اور عبدالحمید پہوڑ کے ناموں سے ہوئی ہے ، دونوں کو فش فام سے اٹھایا گیا، مغویوں کے ورثا نے خانپور انڈس ہائے وے فیضو اسٹاپ کے مقام پر احتجاجی مظاہرہ کر کے دھرنا دیا۔ورثا نے اغوا کی اطلاع پولیس کو دے دی ہے ، انہوں نے کہاکہ مغویوں کی کسی سے کوئی دشمنی نہیں تھی، احتجاج کرتے ہوئے مظاہرین نے ٹائر بھی نذر آتش کیے ، اور انڈس ہائی وے کو مکمل بلاک کر دیا، جس کی وجہ سے روڈ کے دونوں اطراف گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں، انڈس ہائی وے بند ہونے سے سندھ پنجاب کو ملانے والی شاہراہ بھی بلاک ہو گئی ہے ۔واضح رہے کہ ضلع شکارپور شدید بد امنی اور لاقانونیت کی لپیٹ میں ہے ، ضلع میں اغوا برائے تاوان کی وارداتیں معمول بن چکی ہیں، مظاہرین نے کہاکہ پولیس امن قائم کرنے میں بے بس، لاچار اور ناکام ہو گئی ہے ، مغویوں کی بازیابی تک احتجاج جاری رہے گا۔دوسری جانب پولیس حکام نے بتایاکہ وہ تفتیش کر رہے ہیں، جدید ٹیکنالوجی کی مدد لی جا رہی ہے ، ٹریسنگ کے ذریعے دونوں افراد کے موبائل نمبر اور لوکیشن کی جانچ کی جا رہی ہے اور ناکہ بندی کر کے مغویوں کی تلاش شروع کر دی گئی ہے ، پولیس کی بھاری نفری کے ساتھ کچے کے علاقے میں سرچ آپریشن بھی شروع کر دیا گیا ہے ۔