کراچی کے موٹر سائیکل سواروں نے ای چالان سسٹم کو بھی ہرا دیا
شیئر کریں
سروے میں 100فیصد موٹرسائیکل سوار دھوکا دینے میں ملوث نکلے ،ڈی آئی جی ٹریفک
آئی جی سندھ کے احکامات پر عید کے بعد بڑے پیمانے پر کریک ڈاؤن کا فیصلہ کرلیا
شہر قائد کے موٹرسائیکل سواروں نے ای چالان سسٹم کو بھی ہرادیا ، ڈی آئی جی ٹریفک نے انکشاف کیا سروے میں 100 فیصد موٹرسائیکل سوار دھوکا دینے میں ملوث نکلے۔تفصیلات کے مطابق ڈی آئی جی ٹریفک پیر محمد شاہ نے انکشاف کیا ہے کہ کراچی کے موٹر سائیکل سوار جدید ای چالان سسٹم کو چکمہ دینے میں مکمل طور پر کامیاب رہے ہیں، جس کے بعد آئی جی سندھ کے احکامات پر عید کے بعد بڑے پیمانے پر کریک ڈاؤن کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ڈی آئی جی ٹریفک نے خصوصی گفتگو میں بتایا کہ ٹریفک پولیس کی جانب سے 100 موٹر سائیکلوں کو چالان جاری کرنے کی ایک سیمپلنگ کی گئی تھی، جس میں 100 فیصد موٹر سائیکل سوار سسٹم کو دھوکا دیتے پائے گئے۔سروے کے مطابق 70فیصد سے زائد موٹر سائیکلوں پر نمبر پلیٹس ہی موجود نہیں تھیں جبکہ 20 فیصد سواروں نے اپنی نمبر پلیٹس کو مختلف طریقوں سے چھپا رکھا تھا۔اس کے علاوہ جن کی نمبر پلیٹس لگی ہوئی تھیں، ان میں سے اکثر کے ایڈریس غلط پائے گئے یا نمبر پلیٹ پڑھنا ناممکن تھا۔پیر محمد شاہ کا کہنا تھا کہ جدید سسٹم کو ناکام بنانے کی کوششوں کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔آئی جی سندھ کی ہدایت پر عید کے فورا بعد شہر بھر میں موٹر سائیکل سواروں کے خلاف ایک گرینڈ آپریشن شروع کیا جا رہا ہے۔ اس آپریشن کے دوران ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی، بغیر نمبر پلیٹ اور ٹمپرڈ نمبر پلیٹس والی موٹر سائیکلوں کو ضبط کیا جائے گا۔


