رمضان پیکیج کا اعلان ،کراچی کے یوٹیلٹی اسٹورز پر گھی، چینی،آٹا غائب
شیئر کریں
کراچی کے یوٹیلٹی اسٹورز پر گھی چینی اور آٹا ناپید ہوگیا۔ عوام کا کہنا ہے کہ ٹرک بھر بھر کر مال آتا ہے لیکن سمجھ نہیں آتی کہ زمین کھاجاتی ہے کہ آسمان نگل جاتا ہے۔عوام کا کہنا ہے کہ قطاروں میں لوگ موجود ہوتے ہیں لیکن اتنے بھی نہیں ہوتے کہ سارا مال ہی لے جائیں۔لوگوں کا یہ بھی کہنا ہے کہ سابقہ ادوار حکومت میں بھی یوٹیلٹی اسٹورز پر سستی اشیا ملتی تھیں لیکن کبھی اتنی پریشانی نہیں ہوئی جب سے تبدیلی سرکار نے حکومت سنبھالی ہے اس سے کوئی ادارہ نہیں سنبھل رہا، ہر ادارے میں کرپشن بڑھتی چلی جارہی ہے۔ڈیفنس فیز ٹو میں واقع یوٹیلٹی اسٹور کے ایک ذمے دار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ یوٹیلٹی اسٹورز کے لیے آنے والی چینی گھی اور آٹا تاجروں کو فروخت کردیا جاتا ہے اور بمشکل پچیس فیصد مال ہی عوام کو فروخت کیا جاتا ہے۔عوام کا کہنا ہے کہ یوٹیلٹی اسٹور کے عملے کا رویہ بھی اچھا نہیں ہوتا وہ گاہکوں کے ساتھ ایسا رویہ رکھتے ہیں جیسے وہ خیرات لینے آئے ہوں۔یوٹیلٹی اسٹور صارفین نے متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ اسٹورز پر دیانتدار بااخلاق اور مستعد عملہ رکھیں تاکہ عوام کو کچھ تو ریلیف مل سکے۔