نواز شریف کا اللہ نے نکال، اسپیکر صاحب آپ کی حکومت جارہی ہے، آصف زرداری
شیئر کریں
ملتان (نیوز ایجنسیاں)پاکستان پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری کا کہنا ہے کہ نوازشریف کو اللہ نے نکالا اور وسیلہ جج بنے جب کہ اسپیکر صاحب آپ کی حکومت جا رہی ہے۔ملتان میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے آصف زرداری کا کہنا تھا کہ نوازشریف پوچھتے پھرتے ہیں کہ مجھے کیوں نکالا، میں انہیں بتانا چاہتا ہوں کہ فرعونیت سے آگے کوئی جگہ نہیں تھی، ہر چیز کی ایک انتہا ہے اور آپ انتہا کی عروج پر تھے، آپ کو اللہ نے نکالا اور وسیلہ جج بنے، جبکہ اسپیکر صاحب آپ کی حکومت بھی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جب ہمیں اقتدار ملا تو پرویز مشرف ان کے سینوں پر بیٹھا تھا، پرویزمشرف کو لانے والے بھی نوازشریف ہی تھے ،جبکہ ہم نے عوام کی طاقت سے پرویزمشرف کو مکھن سے بال کی طرح نکالا تاکہ ملک کو کچھ نہ ہو۔آصف زرداری کا پاک چائنا اقتصادی راہداری کے حوالے سے کہنا تھا کہ ان لوگوں کو سی پیک کی تعریف بھی نہیں آتی، انہوں نے سی پیک کو قرضے لینے کی ایجنسی سمجھ رکھا ہے، کوئی ان سے خوش نہیں صرف ان کے4 ، 5 لوگ ہی خوش ہیں۔ملتان میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹوزرداری نے کہا کہ نوازشریف کو جس ایوان نے طاقت دی، انہوں نے اس کی بے توقیری کی، نوازشریف نے پارلیمنٹ کو ریمورٹ کنٹرول سے چلانے اور جمہوریت کے کندھے پر سوار ہوکر شخصی آمریت مسلط کرنے کی کوشش کی،آج اگر جمہوریت اور پالیمنٹ کمزور ہے تو اس کے ذمہ نواشر یف ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نوازشریف بتائیں کہ ان کا نظریہ ہے کیا، یہ وہ نظریہ تو نہیں جس کی قسم آپ نے ضیاء الحق کی قبر پر کھڑے ہوکر کھائی تھی،کیا یہ وہ نظریہ تو نہیں جس کے تحت آپ نے بے نظیر کی حکومت گرانے کی کوشش کی تھی۔چیئرمین پیپلزپارٹی نے کہا کہ شہبازشریف سمجھتے ہیں کہ ان کے تمام گناہوں کا بوجھ نوازشریف نہیں اٹھا لیا ہے، لیکن شہباز شریف سن لیں کہ ملتان میٹرو میں ہونے والی کرپشن،ماڈل ٹاؤن میں 14افراد کی شہادت ،جنوبی پنجاب کی محرومیوں اور ظلم کا حساب دینا ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ عمران خان سیاست کے اصول اور اخلاقیات سیکھیں اور دہشت گردی اور جہادی سیاست کو ترک کریں، بیرونی اثاثے واپس لانے کا کہنے والے عمران خان خود بیرونی اثاثے رکھنے والوں کے ہتھے چڑھ چکے ہیں یہ میر ا پہلا اور عمران خان کا آخری الیکشن ہوگا۔