چینی کی ذخیرہ اندوزی کرنے والوں کیخلاف سخت کارروائی کی جائے ،وزیراعظم
شیئر کریں
وزیر اعظم عمران خان نے چینی کی ذخیرہ اندوزی اور ناجائز منافع خوری کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی ہدایت کرتے ہوئے کہاہے کہ شوگر ملوں کی نگرانی کے لیے ٹریک اینڈ ٹریس سسٹم کا نفاذ یقینی بنایا جائے، ناجائز منافع کمانے والے غریب عوام کے دشمن ہیں اور ریاست ان عناصر کے خلاف سخت کارروائی کرے گی۔ جمعہ کو وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت چینی کی قیمت فروخت اور ذخیرہ اندوزی کے خلاف اقدامات کے حوالے سے جائزہ اجلاس ہوا جس میں وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار، مشیر برائے احتساب مرزا شہزاد اکبر، معاون خصوصی ڈاکٹر شہباز گل اور سینئر افسران موجود تھے۔ پنجاب کے صوبائی وزیر صنعت میاں اسلم اقبال اور چیف سیکریٹری پنجاب ویڈیو لنک کے ذریعے شریک ہوئے ۔وزیر اعظم نے چینی کی ذخیرہ اندوزی اور ناجائز منافع خوری کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی ہدایت دی۔انہوںنے کہاکہ شوگر ملوں کی نگرانی کے لیے ٹریک اینڈ ٹریس سسٹم کا نفاذ یقینی بنایا جائے تاکے چینی کی اصل پیداوری مقدار کا پتا چلایا جا سکے۔ وزیر اعظم نے کہاکہ ناجائز منافع کمانے والے غریب عوام کے دشمن ہیں اور ریاست ان عناصر کے خلاف سخت کارروائی کرے گی۔ چیف سیکرٹری پنجاب نے اجلاس کو آگاہ کیا کے صوبے میں چینی کی مقرر کردہ قیمت فروخت کو لاگو کرنے کیلئے تمام ضلع انتظامیہ کو نگرانی کرنے کے ہدایات دی جا چکی ہیں۔ اس ضمن میں ذخیرہ اندوزی اور ناجائز منافع خوری میں ملوث افراد کے خلاف قانونی چارہ جوئی کا عمل شروع ہے۔ اس کے علاوہ شوگر ملوں پر سی سی ٹی وی کیمرے بھی نسب کیے گئے ہیں جن کی مدد سے گنے کی مقدار اور پیدا شدہ چینی کی نگرانی کی جا ئے گی۔ تمام شوگر ملوں سے گرشنگ کے دوران روزانہ کی بنیاد پر معلومات بھی جمع کی جائیں گی۔