بفرزون پوسٹ آفس میں ہونے والافراڈ30لاکھ سے تجاوز
شیئر کریں
(رپورٹ: شعیب مختار) بفرزون نائٹ پوسٹ آفس میں ہونے والا فراڈ 30 لاکھ سے تجاوز کرگیا، ڈپٹی پوسٹ ماسٹر جنرل میٹروپولیٹن سرکل کراچی مصطفی کمال نے چارج سنبھالتے ہی جرأت کی خبر پر نوٹس لیتے ہوئے ڈویژنل سپرنٹنڈنٹ پوسٹل سروسز ویسٹ ڈویژن جمیل اختر سے رپورٹ طلب کرلی ۔تفصیلات کے مطابق ڈویژنل سپرنٹنڈنٹ پوسٹل سروسز ویسٹ ڈویژن جمیل اختر کی جانب سے گزشتہ دنوں گریڈ 11 کے ناتجربہ کار و نااہل آفیشلز جن میں اسسٹنٹ پوسٹ ماسٹر ناظم آباد پوسٹ آفس اوصاف اور ٹاؤن انسپکٹر لیاقت آباد پوسٹ آفس سرور عالم پر مشتمل اپاہج و نام نہاد پاسٹ ورک ویری فکیشن کمیٹی تشکیل دی گئی تھی، جو انکوائری کو منطقی انجام تک پہچانے میں ناکام ہو چکی ہے۔ اطلاعات کے مطابق اپنی نوکری بچانے اور ڈپٹی پوسٹ ماسٹر جنرل مصطفی کمال کو رام کرنے کیلئے دو دن میں مرکزی ملزم راؤصفدر نے 6 لاکھ 10 ہزار 2 سو 64 روپے سے زائد رقم سرکاری خزانے کے ہیڈ انکلاسیفائیڈ رسپٹ Unclassified Receipt میں جمع کروا دی ہے، جبکہ لاکھوں روپے کی ادائیگیاں بھی متاثرین کو آف دی ریکارڈ کرنے کا سلسلہ زور و شور سے جاری ہے۔ایک جانب غبن میں برابری کے شراکت دار ملزم اب بھی راؤ صفدر سے مال بٹورنے میں مصروف ہیں تو دوسری جانب مرکزی ملزم کے ذریعے ارکان تحقیقاتی کمیٹی کو متنازع بنانے کیلئے من گھڑت الزمات پر مبنی منفی مہم چلا رہے ہیں۔اس سلسلے میں ڈویژنل سپرنٹڈنٹ جمیل اختر کی جانب سے 30 لاکھ سے زائد کے اس فراڈ کی تاحال نہ ایف آئی اے میں ایف آئی آر درج کروائی گئی ہے، اور نہ ہی اس کیس کی جامع فوجداری تحقیقات کیلئے ایف آئی اے کو کیس بھیجا گیا ہے۔ کرپشن کے سرپرست اعلیٰ بھوٹیو منگھںوار جو پہلے ہی چیف کنٹرولر آف اسٹمپس کراچی کے پرکشش عہدے پر تعینات ہیں، ایک مرتبہ پھر ڈپٹی پوسٹ ماسٹر جنرل (آپریشن) کراچی سرکل کے ایک اہم عہدے کا ایڈیشنل دوہرا چارج لینے میں کامیاب ہوگئے ہیں، جس سے کرپٹ افسران کی امیدیں و حوصلے بلند ہوتے دکھائی دیتے ہیں۔