عامر لیاقت کو وزیراعظم سے ملاقات سے روک دیا گیا
شیئر کریں
معروف اینکراورتحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی عامر لیاقت حسین کو سیکیورٹی اہلکاروں نے اسٹیٹ گیسٹ ہاؤس میں وزیراعظم عمران خان سے ملاقات سے روک دیا۔ وزیراعظم مزار قائد سے بذریعہ ہیلی کاپٹر اسٹیٹ گیسٹ ہاؤس پہنچے جہاں پی ٹی آئی کے مقامی رہنماؤں نے ان کا استقبال کیا۔ تاہم این اے 245 سے تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی عامر لیاقت حسین کو سیکیورٹی اہلکاروں نے گیسٹ ہاؤس کے باہر ہی روک دیا۔اسٹیٹ گیسٹ ہاؤس کے باہر موجود میڈیا نمائندوں کے مطابق عامر لیاقت تقریباً35منٹس تک گیٹ پر رکے رہے جس کے بعد وہ واپس چلے گئے۔
اسٹیٹ گیسٹ ہاؤس کے باہر ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے عامر لیاقت حسین نے کہا کہ میں نے شوکاز نوٹس کا جواب دے دیا ہے۔ ان سے پوچھا گیا کہ انہیں گیسٹ ہاؤس جانے سے کیوں روکا گیا تو انہوں نے کہا کہ انہیں روکا نہیں گیا بلکہ وہ شاید10 منٹ پہلے ہی آگیا ہوں ان کو سکیورٹی کی بنا پر روکا گیا ہے، ابھی تھوڑی دیر میں اجلاس میں شرکت کروں گا۔عامر لیاقت حسین سے پوچھا گیا کہ فاروق ستار تحریک انصاف میں شامل ہو رہے ہیں، آپ خوش آمدید کہیں گے؟ جواب میں انہوں نے کہاکہ شمولیت کا فیصلہ پارٹی کرے گی انہیں کوئی اعتراض نہیں ہے۔