میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
مشاورتی اجلاس، میاں صاحب ہتھ ہولا رکھیں، سینئر وزراء کا مشورہ

مشاورتی اجلاس، میاں صاحب ہتھ ہولا رکھیں، سینئر وزراء کا مشورہ

ویب ڈیسک
بدھ, ۱۶ اگست ۲۰۱۷

شیئر کریں

اسلام آباد (بیورو رپورٹ) سابق وزیرا عظم نواز شریف کے دو اہم اداروں سے متعلق آف دی ریکارڈ اجلاسوں میں بیانات نے ان کے اپنے وزراء کو ہی پریشان کردیا ہے، جبکہ وزیرا علیٰ پنجاب شہباز شریف سمیت سینئر وزراء نے نواز شریف سے کہا ہے کہ وہ اعلیٰ عدلیہ اور مقتدر اداروں پرہتھ ہولارکھیں، ورنہ مرکز اور پنجاب ن لیگ کی حکومت کے لیے مشکلات بڑ ھ سکتی ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ دو اہم اداروں کو مسلسل تنقید کا نشانہ بنانے پر نواز شریف اور ان کی صاحبزادی مریم نواز کے موقف کو پارٹی میں تقویت نہیں مل رہی اور وہ معاملات کو انتہائی حد تک لے جانے کے حق میں نہیں ہیں۔ذرائع نے مزید بتایا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف اور وفاقی وزراء سعد رفیق قادر بلوچ احسن اقبال خرم دستگیر بر جیس طاہر مشیرا ن امیر مقام عرفان صدیقی اس حق میں نہیں ہیں کہ اعلیٰ عدلیہ اورمقتدر اداروں کو اس سارے معاملے میں اس طرح سخت تنقید کا نشانہ بنایا جائے جس طرح نواز شریف نے دوران ریلی اور بعدا زاں آف دی ریکارڈ اجلاسوں میں بنایا، جبکہ خواجہ آصف انوشہ رحمن پرویز رشید اسحاق ڈار مریم نواز ظفر اللہ نواز شریف کے موقف کے حامی ہیں اور انھیں ڈٹ جانے کا مشورہ دے رہے ہیں۔ ذرائع نے بتایا کہ نواز شریف اسی وجہ سے اپنی آئندہ کی حکمت عملی کا اعلان نہیں کررہے کہ پارٹی میں تقسیم ہے اور اتوار کو سعد رفیق نے اسی وجہ سے نوازشریف کو صحافیوں کے سوالوں کے جواب دینے سے روک دیا تھا۔ ساتھیوں نے نواز شریف کو مشورہ دیا ہے کہ چونکہ مرکز اور پنجاب میں اب بھی ن لیگ کی حکومت ہے اس کے لیے مشکلا ت پیدا نہ کی جائیں،وزیر داخلہ احسن اقبال کے اتوار کو ملنے کی وجہ بھی اہم پیغام تھا، جو انہوں نے نواز شریف تک پہنچادیا۔ دریں اثناء مسلم لیگ (ن) کا اہم غیر رسمی مشاورتی اجلاس جاتی امراء رائے ونڈ میں منعقد ہوا جس میں پارٹی کی تنظیم سازی ،حلقہ این اے 120کے ضمنی انتخاب ،پارٹی کے آئندہ کے لائحہ عمل سمیت مجموعی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا ۔اجلاس میں سابق وزیر اعظم محمد نواز شریف ،گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ ،وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف ،سپیکر سردار ایاز صادق ،خواجہ محمد آصف، حمزہ شہباز،احسن اقبال، زاہد حامد، پرویز رشید، انوشہ رحمان ،سینیٹر آصف کرمانی ،رانا مقبول سمیت دیگر نے شرکت کی اجلاس کے بعد سردار ایاز صادق نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پورا پاکستان نواز شریف کا استقبال کرنے کے لیے تیار ہے،نواز شریف دوستوں اور عوام کے مطالبے پر جی ٹی روڈ کے راستے سے لاہور آئے تھے اور ان کو جو پذیرائی ملی وہ سب کے سامنے ہے۔انہوں نے کہا کہ نواز شریف میرے دل میں ابھی تک وزیراعظم ہیں اسی لیے نواز شریف کے لیے میرے منہ سے بار بار وزیراعظم ہی نکلتا ہے۔مشاورتی اجلاس سے متعلق ایک سوال کے جواب میں سردار ایاز صادق کا کہنا تھا کہ کبھی کسی ادارے سے تصادم کی بات نہیں کی گئی۔


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں