میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
امریکاکومجھ جیساآزادلیڈرپسند نہیں'عمران خان

امریکاکومجھ جیساآزادلیڈرپسند نہیں'عمران خان

ویب ڈیسک
هفته, ۱۶ جولائی ۲۰۲۲

شیئر کریں

پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ قوم 17 جولائی کو لوٹوں کو بلے سے پھینٹا لگتے دیکھے گی، ان دو خاندانوں کو جنہوں نے بھی سازش کے ذریعے اوپر بٹھایا قوم انہیں معاف نہیں کرے گی، اتوار کو جان لڑائیں گے، پنجاب کا سیاسی میچ جیت کر دکھائیں گے، پھر جشن منائیں گے، نوجوان دھاندلی کا مقابلہ کرنے کیلئے تیار رہیں، سازش کے ذریعے اقتدار میں آنے والے امپورٹڈ حکمرانوں کو منہ کی کھانا پڑے گی۔ہم نے آئی ایم ایف کیساتھ گزارا کیا،لیکن قیمتیں نہیں بڑھائیں، آج پیٹرول150اور ڈیزل کی قیمت144روپے ہونی چاہیے،بدقسمتی سے ہمارے ملک کا انصاف کا نظام طاقتور کو سزا نہیں دے سکتا ہمیشہ کمزور قانون کے شکار ہوتے ہیں طاقتوربچ جاتے ہیں، امریکا ان کو ٹشو پیپر کی طرح استعمال کرے گا، امریکا کو مجھ جیسا آزاد لیڈر پسند نہیں، امریکا بوٹ پالش کرنے والے شہباز شریف کو پسند کرتا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے فیصل آباد کی تحصیل چک جھمرہ میں پی پی97 کے حوالے سے پی ٹی آئی کے انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ عمران خان نے کہا کہ چک جھمرہ کے عظیم شہریوں کو سلام پیش کرتا ہوں، آج اللہ نے میری قوم میں شعور پیدا کردیا ہے، ملک کی 75 سالہ تاریخ میں قوم کبھی اتنی بیدار نہیں تھی، علی افضل ساہی کو 17 جولائی کو جاگی ہوئی قوم ووٹ ڈالے گی، قوم سمجھ چکی ہے ملک کیخلاف بڑی بیرونی سازش ہوئی، ملک کے غداروں نے اس سازش کو کامیاب کیا۔سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ دوخاندان 30 سال سے ملک کو لوٹ رہے تھے، چوروں نے اقتدار میں آتے ہی 1100 ارب کا ڈاکہ مارا، ترامیم کر کے نیب کو تقریبا ختم کردیا گیا، چوروں نے اقتدار میں آکر این آر او لیا، پہلے انہوں نے مشرف دور میں اپنی چوری معاف کرائی تھی، دس سالوں میں دو خاندانوں نے مل کر لوٹا تھا۔ انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ گیا ہوں ان چوروں کا آخری گیند تک مقابلہ کروں گا، ان کو قوم کا 1100 ارب ہضم نہیں کرنے دونگا، آپ سب نے میرا ساتھ دینا ہے، آپ میری ٹیم اور میں آپ کا کپتان ہوں، مجھے مقابلہ کرنا آتا ہے۔عمران خان کا کہنا تھا کہ کیا امریکا ہمارا خیر خواہ اور اس ملک کی بہتری چاہتا ہے؟، امریکا تابعدار حکمران چاہتا ہے، ایک فون پر مشرف نے گھٹنے ٹیک دیئے تھے، دہشت گردی کیخلاف جنگ میں 80 ہزار پاکستانی مارے گئے تھے، آج بھی ہمارے فوجی جوان بارڈر پر قربانیاں دے رہے ہیں، زرداری، نواز شریف آئے تو قوم نے سمجھا یہ جمہوری لیڈر ہیں، زرداری، نواز شریف دور میں امریکا نے 400 ڈرون حملے کیے، ڈرون حملوں میں خواتین، بچوں سمیت ہزاروں لوگ مارے گئے۔ چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ امریکا سمیت سب کے ساتھ اچھے تعلقات چاہتے ہیں لیکن کسی کی غلامی قبول نہیں، بالکل یہ قوم دیکھے گی 17 جولائی کو لوٹوں کو بلے سے پھینٹا لگتے دیکھے گی، امریکا ان کو ٹشو پیپر کی طرح استعمال کرے گا، امریکا کو مجھ جیسا آزاد لیڈر پسند نہیں، امریکا بوٹ پالش کرنے والے شہباز شریف کو پسند کرتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ شہباز شریف کہتا ہے ہم بھکاری ہیں، 32 سال سے شریف خاندان اقتدار میں اور بھیک مانگ رہے ہیں، شہباز شریف قوم غیرت مند ہے، تم کو بھیک مانگتے ہوئے شرم آنی چاہیے، شریف، زرداری خاندان 30 سال ملک نہ لوٹتے تو قوم کو بھیک نا مانگنا پڑتی، کیا آپ لوگوں کو بھکاری وزیراعظم چاہیے؟ کہتا ہے سعودی عرب، ترکی، متحدہ عرب امارات بھی پیسے مانگنے گیا، اوورسیز پاکستانی اس لیے میرے ساتھ کھڑے ہیں، شہباز شریف نے خود اور قوم کو بھی شرمندہ کروا دیا۔ عمران خان نے پیشگی الرٹ کرتے ہوئے کہاکہ انہوں نے دھاندلی کے سارے ریکارڈ توڑنے ہیں، ان کو سروے میں پتا چل گیا ہے سارے حلقوں میں تحریک انصاف جیتے گی، نوجوانوں ایک، ایک پولنگ اسٹیشن پر پہرہ دینا ہے یہ دھاندلی کے بغیر نہیں جیت سکتے، شہباز شریف نے پہلے فضل الرحمان کی 135 روپے قیمت بڑھا کر قیمت کم کر کے بڑا احسان کیا، ہماری حکومت سے بھی اس وقت عالمی منڈیوں میں کم قیمت ہے، شہباز شریف کو پٹرول کی قیمت 150، ڈیزل کی 144 کرنی چاہیے، آئی ایم ایف نے ہماری حکومت پر بھی پریشر ڈالا تھا لیکن قیمتیں نہیں بڑھائی تھی۔


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں