میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
کراچی میں 13 نئے بڑے ترقیاتی منصوبے شروع کرنے کا اعلان

کراچی میں 13 نئے بڑے ترقیاتی منصوبے شروع کرنے کا اعلان

ویب ڈیسک
بدھ, ۱۶ جون ۲۰۲۱

شیئر کریں

حکومت سندھ نے کراچی میں جوہر چورنگی پر فلائی اوور لیاری کے روڈز کی تعمیر سمیت 13 نئے بڑے ترقیاتی منصوبے شروع کرنے کا اعلان کرتے ہوئے شہر کے19 بڑے ترقیاتی منصوبوں کیلئے 8 ارب روپے مختص کیے ہیں، جبکہ کیماڑی کیلئے 12 کروڑ مختص کیے گئے ہیں۔ بجٹ دستاویز کے مطابق کراچی میں حکومت سندھ کی جانب سے 6 بڑے ترقیاتی منصوبوں پر کام جاری ہے اور ان کیلئے ایک ارب 30 کروڑ روپے مختص کیے گئے ہیں، ناتھا خان پل پر یوٹرن کیلئے 95 کروڑ، اسٹار گیٹ سے چکورہ نالا تک ایس ڈبلیو ڈی کی تعمیر کیلئے 6 کروڑ 60 لاکھ روپے بجٹ رکھا گیا ہے، ضلع کیماڑی میں گل بائی سے وائے جنکشن تک روڈ کی تعمیر کیلئے 30 کروڑ 90 لاکھ روپے مختص کیے گئے، سائٹ کراچی کے مختلف روڈز کی تعمیر کیلئے 80 کروڑ 30 لاکھ روپے مختص ہوئے ہیں، سب میرین چورنگی انڈرپاس اور لانڈھی 12ہزار روڈ کیلئے انتہائی کم رقم ایک ، ایک لاکھ روپے مختص کیے گئے ہیں۔کراچی کیلئے 13 نئے منصوبوں میں شاہراہ نورجہاں کی تعمیر ، شیر شاہ چوک سے مرزا آدم خان روڈ ، گلبرگ چورنگی سے یوبی ایل کمپلیکس تک روڈ کی تعمیر، شاہراہ فیصل پر رفیقی شہید روڈ کی تعمیر، رزاق آباد روڈ سے شیدی گوٹھ پاور ہائوس تک روڈ کی بحالی و تعمیر، سول اسپتال کراچی کے اطراف روڈ کی تعمیر، لیاری میں چاکیواڑہ روڈ، محراب خان عیسیٰ روڈ اور تینری روڈ کی تعمیر، لیاری ایکسپریس وے تک آنے والے راستوں کی تعمیر شامل ہے۔ حکومت سندھ نے جوہر چورنگی پر فلائی اوور کی تعمیر، اورنگی، گجر اور محمودآباد نالوں کی بحالی، پانی اور سیوریج کی اسکیموں کی بحالی، ضلع سینٹرل میں پبلک پارک کی تعمیراور لیاری چاکیواڑہ میں سوک سینٹر تعمیر کرنے کے منصوبوں کا اعلان کیا ہے، حکومت سندھ نے اگلے مالی سال کی بجٹ میں نئے منصوبوں کیلئے 6 ارب 60 کروڑ روپے مختص کیے ہیں، جبکہ دلچسپ بات یہ ہے کہ کراچی کے 13 بڑے منصوبے ابھی تک پلاننگ اینڈ ڈیولپمنٹ سے منظور نہیں ہوئے ، امکان ہے کہ رواں برس منصوبے منظور کیے جائیں گے۔ دوسری جانب محکمہ بلدیات نے نئے بنائے جانے والے ضلع کیماڑی میں روڈ، سیوریج، پانی کی فراہمی اور دیگر منصوبوں کیلئے 12 کروڑ 40 لاکھ روپے خرچ کرنے کی منصوبہ بندی کی گئی ہے۔


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں