ڈائریکٹر جنرل سندھ بلڈنگ کاخلافِ ضابطہ تعمیرات کیخلاف ایکشن
شیئر کریں
( رپورٹ : افضل بلوچ /نمائندہ خصوصی ) معتدد شکایات کا نوٹس لیتے ہوئے ڈائریکٹر جنرل سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی نسیم الغنی سہتو نے نارتھ ناظم آباد بلاک C کے پلاٹ نمبر A9اور A12میں جاری خلافِ ضابطہ تعمیرات کی انسپیکشن اور فوری رپورٹ دینے کی احکامات جاری کر دیے۔ ذرائع کے مطابق اس سلسلے میں علاقہ مکینوں نے معتدد بار مذکورہ بالا تعمیرات کے حوالے سے سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر سے لے کرمتعلقہ زون کے ڈائریکٹر کو درخواستیں دی تھیں جس پرحسبِ روایت کوئی ایکشن نہیں لیا گیا، بعدازاں علاقہ مکینوں نے براہ راست ڈائریکٹر جنرل تک رسائی حاصل کر کے انکو تمام تر صورتحال سے آگاہ کیا جس کے بعد ڈی جی ایس بی سی اے نے مذکورہ بالا تعمیرات کے خلاف فوری ایکشن لیتے ہوئے مکمل چھان بین کے بعد ان کے آفس کو مطلع کرنے کے احکامات جاری کر دیے۔ ذرائع نے جرأت کو بتایا کہ ڈی جی ایس بی سی اے نے اس حوالے سے ڈائریکٹر ڈیمولیشن علی مہدی کاظمی کو بھی خصوصی احکامات جاری کرتے ہوئے تنبیہ کی کہ اگر مذکورہ بالا تعمیرات بغیر کسی نقشے کی منظوری کے جاری ہیں تو انہیں فوراً منہدم کر دیا جائے۔ذرائع نے مزید بتایا کہ نارتھ ناظم آباد کے ڈائریکٹر ندیم انور کو بھی احکامات جاری کر دیے گئے ہیں جنہوں نے مذکورہ بالا خلاف ضابطہ تعمیرات کو فوراً رکوا دیا ہے ۔ جرأت سے بات چیت کرتے ہوئے ندیم انور نے اس بات کا اعادہ کیا کہ ان کے زون میں کسی بھی غیر قانونی تعمیرات کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ انہوں نے مزید بتایا کہ معلقہ بلڈرز کو کام روکنے اور اپنے تمام تر دستاویزات اور نقشہ جات اور منظور شدہ این او سی کے ساتھ طلب کیاگیا ہے جن کی چھان بین اور تصدیق کے بعد بلاک C کے پلاٹ نمبر A9 اور A12کے خلاف بھر پور ایکشن لیا جائے گا ۔