میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
آپ کے مسائل کا حل اسلام کی روشنی میں

آپ کے مسائل کا حل اسلام کی روشنی میں

ویب ڈیسک
جمعه, ۱۶ جون ۲۰۱۷

شیئر کریں

مفتی غلام مصطفی رفیق
غیرمحرم عورت کو دیکھنا
سوال:کیا غیرمحرم عورت کو بغیر شہوت کی نیت کے دیکھنا درست ہے یا نہیں؟وضاحت فرمائیں۔(فرحان انجم خان)
جواب:واضح رہے کہ اجنبی مرد اورعورت کے لئے ایک دوسرے کو بلا کسی شدید ضرورت کے قصداً دیکھنا جائز نہیں ہے ،چنانچہ قرآن کریم میں ارشاد باری تعالیٰ ہے:’’قل للمومنین یغضوا من ابصٰر ھم ویحفظوا فروجھم ذلک ازکیٰ لھم ان اللّٰہ خبیر بما یصنعون‘‘ترجمہ: آپ مسلمان مردوں سے کہہ دیجئے کہ اپنی نگاہیں نیچی رکھیں اور اپنی شرم گاہوں کی حفاظت کریں یہ ان کے لئے زیادہ صفائی کی بات ہے بے شک اللہ تعالیٰ کو سب خبر ہے جو کچھ لوگ کیا کرتے ہیں۔
تفسیر عثمانی میں مذکورہ آیت کی تفسیر میں علامہ شبیر احمد عثمانی رحمہ اللہ لکھتے ہیں کہ:’’ بد نظری‘‘ عموماً زنا کی پہلی سیڑھی ہے، اسی سے بڑے بڑے فواحش کا دروازہ کھلتا ہے، قرآن کریم نے بد کاری اور بے حیائی کا انسداد کرنے کے لئے اول اسی سوراخ کو بند کرنا چاہا یعنی مسلمان مرد وعورت کو حکم دیا کہ بد نظری سے بچیں اور اپنی شہوات کو قابو میں رکھیں‘‘۔یہ بات بھی واضح رہے کہ نا محرم کو دیکھنا بے راہ روی کی پہلی بنیاد ہے ۔اسی لئے نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے نگاہوں کی حفاظت کاخاص حکم دیا ہے، چنانچہ بخاری اور مسلم میں یہ حدیث منقول ہے:’’عن عقبۃ بن عامر قال قال رسول اللّٰہ صلی اللّٰہ علیہ وسلم: ایا کم والد خول علی النساء الخ‘‘۔
ترجمہ: حضرت عقبہ بن عامرؓ سے روایت ہے کہ رسول خدا صلی اﷲعلیہ وسلم نے فرمایا کہ عورتوں کے پاس آنے جانے سے بچو۔
اس حدیث میں نامحرم عورتوں کے پاس آمدورفت رکھنے کو حرام اور ممنوع فرمایا ہے ۔ ترمذی شریف میں ہے:’’عن جابر رضی اللّٰہ عنہ عن النبی صلی اللّٰہ علیہ وسلم قال: لا تلجوا علی المغیبات فان الشیطان یجری من احدکم مجری الدم‘‘۔ترجمہ: حضرت جابر رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا کہ مت داخل ہو تم ایسی عورتوں کے پاس جن کے شوہر موجود نہیں کیونکہ شیطان تمہاری رگو ں میں خون کے ساتھ چلتا ہے۔
واضح رہے کہ جو حکم مرد کے لئے ہے وہی حکم عورت کے لئے بھی ہے کہ اجنبی مرد کے پاس عورت نہ جائے، تنہائی اختیار نہ کرے، کیونکہ ایسے حالات میں غلبہ شہوت میں شیطانی وسوسوں سے بچنا مشکل ہے کیونکہ اجنبی عورت اور مرد کا تنہائی اختیار کرنا کئی وجوہ سے گناہ ہے : نظر کا گناہ، خیال باطل کا گناہ وغیرہ۔نیز نامحرم مرد یا عورت کو دیکھنے والے پریا دکھانے والے پر اللہ تعالیٰ کی لعنت ہے۔ جیسا کہ مشکوۃ میں ہے:’’ان رسول اللّٰہ اقال: لعن اللّٰہ الناظر والمنظور الیہ ‘‘۔ترجمہ: بے شک رسول اللہ صلی اﷲعلیہ وسلم نے فرمایا کہ اللہ تعالیٰ نے دیکھنے والے پر بھی لعنت کی اور اس پر بھی جس کو دیکھا جائے۔ اس حدیث میں ہر نظر حرام کو سبب لعنت بتایا گیا ہے اور نہ صرف دیکھنے والے پر لعنت کی گئی بلکہ دکھانے والے پر بھی لعنت کی گئی ہے ۔مذکورہ آیت واحادیث سے معلوم ہوا کہ بلا وجہ شرعی اجنبی عورت کو دیکھنا بنص قرآن ناجائز اور حرام ہے اور دیکھنے والا اور دکھانے والا دونوں ملعون ہیں ۔( تفسیر عثمانی ، سورۃ النور ، ص:471۔ط: وزارت اوقاف سعودی عرب- صحیح مسلم ،کتاب السلام ،باب تحریم الخلوۃ بالاجنبیۃ والدخول علیھا،2/216،ط: قدیمی کتب خانہ کراچی -صحیح بخاری ،کتاب النکاح ،2/787۔ط:قدیمی کتب خانہ-سنن الترمذی،ابواب الرضاع، باب ماجاء فی کراھیۃ الدخول علی المغیبات1/221،ط: ایچ ایم سعید کراچی)
روزہ ترک کرنے پر وعید
سوال:جان بوجھ کر روزہ نہ رکھنے والوں کے لیے شریعت میں کیا وعید ہے؟
جواب:بلاکسی شرعی عذر کے جان بوجھ کر روزہ چھوڑنا سخت گناہ کبیرہ ہے ،ایسا آدمی فاسق ہے،شریعت نے ایسے لوگوں کے لیے باقاعدہ سزا کا بھی تعین کیا ہے۔حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ ارشادفرماتے ہیں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا:’’جس شخص نے بلاکسی عذر ومرض کے(سستی وتغافل کی وجہ سے )روزہ نہیں رکھااگر وہ زندگی بھر بھی روزہ رکھے گا تو اس کی تلافی نہ ہوگی‘‘۔(یعنی اس ایک روزہ کا نقصان پورا نہ ہوگا)۔(مشکوۃ المصابیح،1/177 ،ط: قدیمی – الترغیب والترہیب،2/108)
رشتے کے لیے وظیفہ
سوال:میں اپنے گھر میں بعض مسائل کی وجہ سے سخت پریشان ہوں، براہ کرم مجھے کوئی وظیفہ بتادیں تاکہ میں ازدواجی زندگی میں قدم رکھ سکوں ۔
جواب:پنج وقت نمازوں کااہتمام کریں۔اللہ تعالیٰ سے دعابھی کرتے رہیں اور قرآن کریم کی سورۂ فرقان کی آیت:74(رَبَّنَا ہَبْ لَنَا مِنْ اَزْوَاجِنَا وَذُرِّیّٰتِنَا قُرَّۃَ اَعْیُنٍ وَّاجْعَلْنَا لِلْمُتَّقِیْنَ اِمَامًا )کثرت سے پڑھیں۔
ناپاکی کی حالت میں سحری کرنا
سوال:سحری سے قبل غسل کی حاجت ہوگئی اور اسی حالت میں سحری کرلی اور سحری کے وقت کے بعد غسل کیاتوکیااس سے روزے پر کوئی اثر پڑتاہے؟
جواب:اس سے روزے پر کوئی اثر نہیں پڑتاالبتہ جلد از جلد غسل کرکے پاک صاف ہوجانا چاہیے۔
روزے کی حالت میں مہندی لگانا
سوال:روزے کی حالت میں سر میں مہندی لگاسکتے ہیں یانہیں؟
جواب:لگاسکتے ہیں۔


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں