میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
ہماراملبہ اس حکومت پرپڑگیا،یہ اس کے بوجھ تلے دب کرمرجائیں گے، شیخ رشید

ہماراملبہ اس حکومت پرپڑگیا،یہ اس کے بوجھ تلے دب کرمرجائیں گے، شیخ رشید

ویب ڈیسک
پیر, ۱۶ مئی ۲۰۲۲

شیئر کریں

عوامی مسلم لیگ کے سربراہ اور سابق وزیر داخلہ شیخ رشید نے موجودہ حکومت پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان سے ملک نہیں سنبھل رہا، یہ فیصلے نہیں کر پارہے، ہماری حکومت کی کارکردگی کا ملبہ بھی ان پر گر گیا اور اس ملبے تلے دب کر یہ سیاسی طور پر مرجائیں گے، معیشت باہ ہو چکی ہے ،فوری طور پر 31 مئی سے قبل انتخابات کی تاریخ کا اعلان کردیا جائے، ملک میں نگراں حکومت بنادی جائے ،نگراں وزیراعظم کیلئے قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس طلب کیا جائے، حکومت کے پاس دو وزرائے خزانہ ہیں، دو وزرائے خارجہ ہیں، دو وزیر پیٹرولیم ہیں، ہر وزارت میں حکومت کے پاس دو لوگ ہیں، کارکردگی اور نتیجہ صفر ہے،سعودیہ عرب، یو اے ای، چین سے بھی کچھ نہیں ملا،خالی ہاتھ لوٹے،حکومت کا ہر فیصلہ ان کے گلے پڑے گا۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید احمد نے کہاکہ میں فیصل آباد میں ایک پیغام دینے آیا ہوں کہ ملک کے حالات اتنے خراب، ابتر اور تشویشناک ہوچکے ہیں اور معیشت اتنی تباہ ہوچکی ہے کہ اب فوری طور پر 31 مئی سے قبل انتخابات کی تاریخ کا اعلان کردیا جائے، ملک میں نگراں حکومت بنادی جائے اور نگراں وزیراعظم کے لیے قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس طلب کیا جائے۔سابق وزیر داخلہ نے کہا کہ حکومت قوم کو بتائے کہ یہ آئی ایم ایف کے پاس جا رہے ہیں یا نہیں، یہ وزراعظم اور وزرا 4 دن لندن میں گزار کر آگئے مگر اپنے دفاتر نہیں جارہے، حکومت کو کچھ نہیں پتاکہ کیا کرنے جا رہے ہیں، یہ ٹھس ہونے جا رہے ہیں، اگر ہم گھر بھی بیٹھ جائیں تو بھی یہ حکومت گھر جا رہی ہے، اس حکومت سے کوئی چیز نہیں سنبھل رہی جبکہ ملکی خزانے سے اس دوران 6ارب مزید کم ہوگئے، مہنگائی مزید بڑھ گئی ہے۔شیخ رشید نے کہا کہ عمران خان قوم کے فائدے کیلئے 20 فیصد سستا تیل اور گندم لینے روس جا رہے تھے، اب موجودہ حکومت کیا کریگی، آصف زرداری نے فیصل آباد کے گھنٹا گھر چوک میں گھیر کر ان کو مارا ہے۔سابق وزیر داخلہ نے کہا کہ آصف زرداری نے پلاننگ کے تحت ان کو نہ ادھر کا چھوڑا، نہ ادھر کا، (ن) لیگ اب بلائے نواز شریف کو، انہیں پاکستان کا پاسپورٹ مل گیا ہے مگر جس جہاز میں وہ واپس آنے کیلئے سوار ہوں گے، دیگر مسافر اس طیارے سے یہ کہہ کر اتر جائیں گے کہ ہم چور کے ساتھ سفر نہیں کریں گے۔شیخ رشید نے وفاقی حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اس حکومت کے پاس دو وزرائے خزانہ ہیں، دو وزرائے خارجہ ہیں، دو وزیر پیٹرولیم ہیں، ہر وزارت میں اس حکومت کے پاس دو لوگ ہیں مگر اس حکومت کی کارکردگی اور نتیجہ صفر ہے۔سابق وزیر داخلہ نے موجودہ وزیر داخلہ رانا ثنااللہ کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ان کی جماعت کے شیر علی نے 7 مئی کو پریس کانفرنس کی کہ رانا ثنااللہ نے 22 آدمیوں کو قتل کیا، میں نے شیر علی کی یہ پریس کانفرنس آرمی چیف قمر جاوید باجوہ، ڈی جی آئی ایس آئی، ایم آئی کے ساتھ ساتھ مارگلہ تھانے میں بھی دی ہے۔ انہوںنے کہاکہ رانا ثنااللہ کے خلاف اے این ایف کے پاس 15 گواہ موجود ہیں تاہم انہوں نے اپنے خلاف گزشتہ تاریخ پر فرد جرم عائد نہیں ہونے دی اور اب وہ مجھے دھمکی دے رہا ہے کہ گھر سے نکال کرمارے گا لیکن اب حالات بہت آگے چلے گئے ہیں۔ انہوںنے کہاکہ عمران خان نے بھی کہا ہے کہ ان کی جان کو خطرہ ہے، یہ ملک اب عمران خان کی قیادت میں انقلاب کی جانب بڑھ رہا ہے، ہم نے سوچا نہیں تھا کہ عوام ہم سے اس قدر محبت کا اظہار کریں گے۔


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں