میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
مستونگ میںبم دھماکا،بلوچستان کانسٹیبلری کے 3اہلکار شہید،19زخمی

مستونگ میںبم دھماکا،بلوچستان کانسٹیبلری کے 3اہلکار شہید،19زخمی

ویب ڈیسک
بدھ, ۱۶ اپریل ۲۰۲۵

شیئر کریں

 

موٹرسائیکل میں نصب ریموٹ کنٹرول بارودی مواد سے کانسٹیبلری کے ٹرک کو نشانہ بنایا گیا
دہشت گردی کے خاتمے تک جنگ جاری رہے گی، وزیراعظم شہباز شریف کی دھماکے کی مذمت

بلوچستان کے ضلع مستونگ میں ریموٹ کنٹرول بم دھماکے میں بلوچستان کانسٹیبلری (بی سی) کے 3 اہلکار شہید اور 19 زخمی ہوگئے ۔رپورٹ کے مطابق سیکیورٹی ذرائع نے کہا کہ ریمورٹ کنٹرول بم دھماکا دشت روڈ پر کھنڈ مہسوری کے قریب ہوا، دھماکے میں بلوچستان کانسٹیبلری کے ٹرک کو نشانہ بنایا گیا۔پولیس حکام نے بتایا کہ دھماکا موٹرسائیکل میں نصب ریموٹ کنٹرول بارودی مواد سے کیا گیا، دھماکا اس وقت کیا گیا جب کہ بلوچستان کانسٹیبلری کے اہلکار پولیس ٹرک میں سوار ہو کر ڈیوٹی سے واپس جارہے تھے۔پولیس حکام کے مطابق دھماکے کی اطلاع ملتے ہی سیکیورٹی فورسز کے اہلکار جائے وقوع پر پہنچ گئے اور علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن کا آغاز کردیا۔پولیس حکام نے بتایا کہ بم دھماکے کے نتیجے میں 3 اہلکار شہید ہوئے جب کہ 19 زخمی ہیں، شہید اہلکاروں کی لاشوں کو ضابطے کی کارروائی اور زخمی ہونے والے اہلکاروں کو طبی امداد کی فراہمی کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا۔دھماکے کے حوالے سے حکومت بلوچستان کے ترجمان شاہد رند نے کہا کہ آر ٹی سی قلات سے پولیس اہلکاروں کو لے جانے والے ٹرک پر آئی ای ڈی دھماکا ہوا، دھماکے میں بلوچستان کانسٹیبلری کے 3 جوان شہید ہوئے ۔انہوں نے بتایا کہ زخمیوں میں 2 اہلکاروں کی حالت تشویشناک ہے ، تمام زخمیوں کو اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے جب کہ شدید زخمیوں کو کوئٹہ منتقل کیا جا رہا ہے ۔صدر مملکت آصف علی زرداری نے مستونگ میں بلوچستان کانسٹبلری کی گاڑی کے قریب دھماکے کی مذمت کی اور 3 اہلکاروں کی شہادت پر گہرے دُکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔ایوان صدر سے جاری بیان میں صدر مملکت نے ملکی سلامتی کی خاطر جان کا نذرانہ پیش کرنے پر بلوچستان کانسٹبلری کے اہلکاروں کو خراجِ عقیدت پیش کیا اور ملک سے دہشتگردی کے مکمل خاتمے کیلئے کاوشیں جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔بیان کے مطابق انہوں نے شہداء کیلئے بلندی درجات، لواحقین کیلئے صبر جمیل کی دعا کی اور دھماکے میں زخمی ہونے والوں کی جلد صحت یابی کی دعا کی۔وزیراعظم شہباز شریف نے بلوچستان کے ضلع مستونگ کے علاقے شمس آباد میں بلوچستان کانسٹبلری کی گاڑی پر دہشتگرد حملے کی شدید مذمت کی اور 3 اہلکاروں کی شہادت پر اظہار افسوس کیا۔ وزیر اعظم آفس کی جانب سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم نے شہداء کے لیے دعائے مغفرت اور لواحقین کے لیے صبر و استقامت کی دعا کی اورزخمیوں کو فوری طبی امداد فراہم کرنے کی ہدایت کی۔اپنے بیان میں وزیراعظم نے کہا کہ انسانیت کے دشمن دہشتگردوں کے مذموم عزائم کو خاک میں ملائیں گے ، ملک سے دہشتگردی کے مکمل خاتمے تک ہماری دہشتگردوں کے خلاف جنگ جاری رہے گی۔وزیر اعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے دھماکے کی مذمت کی اور زخمیوں کو بہتر طبی امداد کی فراہمی کی ہدایت کی۔ اپنے ایک بیان میں سرفراز بگٹی نے کہا کہ زخمیوں کے علاج معالجے میں کوئی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی، حکومت بلوچستان شہدا کے شانہ بشانہ کھڑی ہوگی۔وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے دھماکے کی مذمت کی اور کہا کہ شہید اہلکاروں کے خاندانوں کے ساتھ کھڑے ہیں، شہداء ہمارا فخر ہیں اور ہمیشہ ہمارے دلوں میں زندہ رہیں گے ۔ان کا کہنا تھا کہ قوم شہداء کی عظیم قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھے گی، دہشتگردوں کا کوئی مذہب ہے نہ علاقہ۔ یہ انسانیت کے کھلے دشمن ہیں۔اس کے علاوہ وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے مستونگ دھماکے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا اور کہا کہ بلوچستان کانسٹیبلری کے جوانوں کی شہادت پر دل رنجیدہ ہے ، پولیس اہلکاروں کی شہادت قوم کا عظیم نقصان ہے ۔ان کا کہنا تھا کہ دہشتگردی کی بزدلانہ حرکتیں قوم کے حوصلے پست نہیں کر سکتیں، شہداء کا لہو رائیگاں نہیں جائے گا، پوری قوم غمزدہ ہے ، دکھ کی اس گھڑی میں بلوچستان کی عوام اور شہداء کے خاندانوں کے ساتھ کھڑے ہیں۔


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں