پاکستان کو نمبر ون ٹیم بنانا ہمارا ہدف ہے: محمد رضوان
شیئر کریں
پاکستان کرکٹ ٹیم کے وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان نے کہا ہے کہ نمبر ون میں ہوں یا بابر اعظم یہ اہم نہیں، اہم چیز نمبر ون پاکستانی کا ہونا ہے، ہم سب کا ایک ہی ہدف ہے وہ پاکستان کو نمبر ون ٹیم بنانا ہے۔لاہور میں میچ کے بعد نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے محمد رضوان کا کہنا تھا کہ میچ کھیلتے وقت یہ نہیں سوچتے کہ سنچری شراکت کرنی ہے، جب فخر آوٹ ہوا تو سکور بورڈ پر 99 دیکھا تو سوچا کاش ایک اور رن کر لیتے، اْس وقت ہمیں تیزی سے رنز بنانا تھے اس لئے سکور بورڈ پر دھیان نہ تھا، اللہ نے چاہا تو اگلے میچز میں سنچری پارٹنر شپ کرلیں گے۔وکٹ کیپر کا کہنا تھا کہ پہلے میچ کے مقابلے میں وکٹ نسبتاً بہتر تھا مگر نئے گیند پر تھوڑا ٹھہر کر کھیلنا پڑا، کوشش ہوتی ہے کنڈیشن دیکھ کر ہی میچ کو آگے بڑھایا جائے، میچ کیلئے ہمارا پلان 70 فیصد کامیاب ہوتا ہے اور 30 فیصد غلطیاں ہو جاتی ہیں، کوشش یہی تھی کہ وکٹ نہ گرائیں تو اچھا ٹوٹل لگا سکتے ہیں۔محمد رضوان کا کہنا تھا کہ بابر اعظم کے ساتھ کوشش ہوتی ہے کہ اسٹرائیک روٹیٹ کرتے رہیں، ہمیں ایک دوسرے پر بہت بھروسہ ہے، ایک دوسرے کیلئے اپنی وکٹ گنوانے کو بھی تیار ہوتے ہیں، ہم ہمیشہ سکور کیلئے چانس لیتے ہیں، کسی کو ہوا میں اٹھانا بہتر لگتا ہے تو کسی کو گرائونڈ شاٹ کھیلنا اچھا لگتا ہے۔