پاکستان پیٹرولیم لمیٹڈ،5 ہزارمیٹرک ٹن برائٹ معدنیات کوڑیوں کے مول فروخت
شیئر کریں
(رپورٹ/ مسرور کھوڑو) پاکستان پیٹرولیم لمیٹڈ میں ایم ڈی عمران عباسی کا چیئرمین کے داماد کو قیمتی معدنیات اونے پونے دام میں فروخت کرنے کا انکشاف ہوا ہے، چیئرمین پی پی ایل شہاب رضوی کے داماد فہیم لاری کو من پسندی کے بنیاد پر 5ہزار میٹرک ٹن معدنی برائٹ دے دی گئی ، متعلقہ حکام نے ایم ڈی عمران عباسی کی من مانی اور غیرقانونی امور پر خاموشی اختیار کر رکھی ہے۔ تفصیلات کے مطابق قدرتی گیس کی فراہمی کے متعلق کام کرنے والے ادارے پاکستان پیٹرولیم لمیٹڈ میں منیجنگ ڈائریکٹر عمران عباسی نے اپنا راج قائم کر رکھا ہے، جو کہ اپنی مرضی کے مطابق قیمتی معدنیات اونے پونے دام پر فروخت کر کے دوستیاں نبھا رہے ہیں ، ذرائع کا کہنا ہے کہ پی پی ایل کی جانب سے 31 اکتوبر 2023 کومعدنیات کی فروخت کے لیے ایک ٹینڈر شائع کیا گیا ، جس پر ایم ڈی عمران عباسی نے من پسندی کے بنیاد پر وہ معدنی برائٹ چیئرمین شہاب رضوی کے داماد فہیم لاری کو فروخت کرنے کے لیے زور دیا تو ایک افسر نے اسی ٹینڈر پر دوسری کمپنی آنے کے لیے 15 روز کی توسیع کردی لیکن5 ہزار میٹرک ٹن برائٹ فہیم لاری کو ہی دے دی گئی، پی پی ایل کے ایک افسر نے نام صیغہ راز میں رکھنے کی درخواست پر بتایا ہے کہ قیمتی معدنیات کی خرد برد پر اعتراض اٹھانے پر باصلاحت سینئر افسران کے خلاف انتقامی کارروائیاں شروع کردی گئیں ، ریجنل مینجر ڈاکٹر امجد خان کو کوئٹہ سے او ایس ڈی بنا کر اسلام آباد آفس بھجوادیا اورباصلاحیت جی ایم پروڈکشن سلیم اللہ سے استعفیٰ لیا گیا ، اسی ضمن میں ایم ڈی پی پی ایل عمران عباسی سے موقف لینے کے لیے بار بار کوشش کی گئی لیکن رابطہ ممکن نہ ہو سکا ۔