عمران خان کو گھبراہٹ سیاسی ملاقاتوں سے نہیں، ملکی تباہی سے ہے، شہباز شریف
شیئر کریں
ملکی دولت دونوں ہاتھوں سے لوٹی گئی ،چینی ،گندم کے سکینڈل سامنے آئے جن پر وزیراعظم کو نیند نہیںآتی
بیروزگاری اور مہنگائی میں کبھی ملک کی تاریخ میں اتنا اضافہ نہیں ہوا جتنا پی ٹی آئی دورمیں ہو ا ،میڈیا سے گفتگو
لاہور(نیوز:ایجنسیاں)پاکستان مسلم لیگ (ن)کے صدر اورقومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف میاںمحمد شہبازشریف نے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان کو گھبراہٹ اور پریشانی میری سیاسی ملاقاتوں سے نہیں بلکہ ملکی تباہی اور مہنگائی سے گھبراہٹ اور پریشانی ہے، اربوں، کھربوں کی کرپشن کی گئی ہے، ملک کی دولت دونوں ہاتھوں سے لوٹی گئی ہے،یہ ہیں وہ واقعات جن پر ان کو نیند نہیںآتی۔ ان خیالات کااظہار شہباز شریف نے آشیانہ ہائوسنگ اسکینڈل میں لاہور کی احتساب عدالت میں پیشی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ صحافی کی جانب سے شہبازشریف سے سوال کیا گیا کہ وزیر اعظم عمران خان آپ کی سیاسی ملاقاتوں سے گھبراگئے ہیں، اس پر شہبازشریف کا کہنا تھا ان کو گھبراہٹ اور پریشانی میری سیاسی ملاقاتوں سے نہیں ہے بلکہ جو ملک کی تباہی کی ہے اور معیشت کی تباہی کی ہے ، بیروزگاری اور مہنگائی میں کبھی ملک کی تاریخ میں اتنا اضافہ نہیں ہوا جتنا اب ہو ا ہے اور پھر قرضوں کے اوپر، قرضے اتنے لئے گئے ہیں کہ جس کی کوئی مثال نہیں ہے۔ کرپشن کے بے پناہ سکینڈل ہیں ،چاہے وہ گندم کا ہو، چینی کا ہو، ایل این جی گیس کا ہو، اربوں، کھربوں کی کرپشن کی گئی ہے، ملک کی دولت دونوں ہاتھوں سے لوٹی گئی ہے،یہ ہیں وہ واقعات جن پر ان کو نیند نہیںآتی۔مسلم لیگ (ن) کے نائب صدر اور پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر حمزہ شہباز نے کہا کہ جہانگیر ترین سمیت سب کے ساتھ رابطے ہیں، ہدف ایک ہی ہے کہ عمران نیازی کو گھر جانا ہے، ہم تمام اپوزیشن جماعتوں کے ساتھ ملکر اپنے کام پر لگے ہوئے ہیں ، اللہ تعالی بہت جلد عمران نیازی سے عوام کی جان چھڑوائے گا۔