ن لیگ پی ٹی آئی معاملے کا فائدہ اٹھارہی ہے، بلاول کادعویٰ
شیئر کریں
بلاول بھٹو کا ن لیگ پر سیاسی مخالفین کو پچ سے ہی آؤٹ رکھنے کی کوششوں کا الزام ۔دعویٰ کیا کہ ن لیگ پنجاب میں پی ٹی آئی سے ہونے والے معاملے کا فائدہ اٹھانے کی کوشش کر رہی ہے ۔ ان کی سیاست جمہوری نہیں رہی ۔ انھوں نے پنجاب میں پیپلز پارٹی کے کچھ امیدواروں کو تیر کے نشان سے محروم رکھے جانے کا شکوہ بھی کیا ۔ پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ الیکشن قریب ہیں ہم سازشوں کو ناکام کرکے عوام کے ساتھ وفاق میں حکومت بنائیں گے ۔ قمبر میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب کے صوبائی امیدواروں کو تیر کے بجائے علیحدہ انتخابی نشانات دیے گئے ہیں، ہم اس فیصلے کے خلاف الیکشن کمیشن سے رجوع کریں گے اور عدالت بھی جائیں گے ، اب انتخابات میں تیر اور شیر کا مقابلہ ہے ، آئیں ہمارا ساتھ دیں، پیپلزپارٹی ن لیگ کا ڈٹ کر مقابلہ کرے گی۔ بلاول بھٹو نے کہا کہ الیکشن نہ ہونے کی غلط فہمی رکھنے والوں کو نقصان ہوگا، جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے کہا تھا کہ 8 فروری کو الیکشن پتھر پر لکیر ہیں اور اب ہمیں انتخابات بہت قریب نظر آرہے ہیں، ہماری انتخابی مہم کافی عرصے سے جاری ہے اور پی پی نے معاشی معاہدہ عوام کے سامنے رکھ کر ان سے ساتھ مانگا ہے ۔پیپلزپارٹی کے چیئرمین نے ایک بار پھر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ پرانے سیاست دان نفرت اور تقسیم کی بات کررہے ہیں جبکہ پیپلزپارٹی وہ واحد جماعت ہے جو عوام پر اعتماد کرتی ہے ، عوام نئی سیاست اور نئی سوچ کا ساتھ دیں۔بلاول بھٹو زرداری نے ن لیگ پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ن لیگ اب جمہوری جماعت نہیں رہی، وہ مقابلہ نہیں مخالفین کو پچ آؤٹ کرنا اور اکیلے ہی میدان میں کھیلنا چاہتی ہے ۔