کلبھوشن کے اہلخانہ 25 دسمبر کو آئینگے،بھارت کے سر پر خطے کی چودراہٹ کا بھوت سوار ہے،دفتر خارجہ
شیئر کریں
اسلام آباد(بیورورپورٹ)دفتر خارجہ کے ترجمان ڈاکٹر محمد فیصل نے کہاہے کہ بھارت نے دہشتگردی اور جاسوس کلبھوشن کی بیوی اوروالدہ کی ملاقات سے متعلق پاکستانی پیشکش قبول کرتے ہوئے انہیں 25دسمبر کو پاکستان بھجوانے پر رضا مندی ظاہر کردی ہے ٗافغانستان میں داعش کی بڑھتی ہوئی موجودگی اور سرگرمیوں میں اضافے پر تحفظات ہیں ٗ31 دسمبر کو افغان مہاجرین کے پی او آر کارڈز کی مدت ختم ہو رہی ہے ٗچین نے سی پیک کے کسی منصوبے کے فنڈز نہیں روکے۔ہفتہ وار میڈیا بریفنگ میں ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر محمد فیصل نے کہا کہ بھارت نے رواں برس 1300 سے زائد مرتبہ فائربندی معاہدے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے 54 بے گناہ پاکستانی شہریوں کو شہید کیا ٗ 182 افراد زخمی بھی ہوئے ٗپاکستان نے بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر کو متعدد بار ایل او سی پر فائربندی معاہدے کی خلاف ورزی پر طلب کیا اور اپنا احتجاج ریکارڈ کرایا۔ بھارت مقبوضہ کشمیر میں بھی انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں کررہا ہے ٗگزشتہ ہفتے مزید 4 کشمیریوں کو شہید کردیا گیا ٗ سید علی گیلانی اور یاسین ملک سمیت دیگر حریت رہنماؤں کو حراست میں رکھا گیا ہے جس کی ہم شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں۔ترجمان دفترخارجہ نے کہا کہ بھارت کے سر پر خطے کی چوہدراہٹ کا بھوت سوار ہے اور بھارتی عزائم خطے کے امن و سلامتی کیلیے سنگین خطرہ ہیں ٗبھارت کی جانب سے زمین سے فضا میں مار کرنے والے میزائل کا تجربہ خطے میں اسلحے کی نئی دوڑ پیدا کردے گا۔ انہوںنے کہا کہ بھارت نے اپنے جاسوس کلبھوشن کی اہلیہ اور والدہ سے ملاقات کے حوالے سے پاکستانی پیشکش کا جواب دے دیا ہے اور کلبھوشن کی والدہ اور اہلیہ کو 25 دسمبر کو بھیجا جارہا ہے، ملاقات سے متعلق دیگر معاملات طے کیے جارہے ہیں۔ترجمان نے کہا کہ پاکستان نے امن کے لیے جتنی قربانیاں دی ہیں کسی نے نہیں دیں ٗمقبوضہ بیت المقدس کے حوالے سے ترجمان دفترخارجہ نے کہاکہ او آئی سی نے القدس کو فلسطین کا دارالحکومت قرار دیا ہے اور امریکا سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اسے اسرائیلی دارالحکومت تسلیم کرنے کا فیصلہ واپس لے کیوں کہ امریکا کا یہ اقدام عالمی امن کے لیے خطرناک ہے ٗاو آئی سی کی طرح باقی ممالک کو بھی چاہئے کہ وہ القدس کو فلسطین کا دارالحکومت تسلیم کریں۔سی پیک منصوبے کے حوالے سے ترجمان نے کہا کہ چین نے اقتصادی راہداری کے کسی بھی پروجیکٹ کی فنڈنگ نہیں روکی اور نا ہی ایسی کوئی اطلاع ہمارے علم میں ہے۔
دفترخارجہ