توشہ خانہ ٹو کیس،عمران خان ، بشریٰ بی بی کی بریت کی درخواستیں خارج
شیئر کریں
اسلام آباد کے اسپیشل جج سینٹرل نے توشہ خانہ ٹو کیس میں سابق وزیراعظم اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی بریت کی درخواستیں خارج کردیں اور پیر کو ملزمان پر فرد جرم عائد کیے جانے کا خدشہ ہے ۔اسلام آباد کے اسپیشل جج سینٹرل شاہ رخ ارجمند نے توشہ خانہ ٹو کیس میں عمران خان اور بشریٰ بی بی کی بریت کی درخواستوں پر فریقین کے دلائل سننے کے بعد 8 نومبر کو فیصلہ محفوظ کیا تھا۔عدالت نے محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے توشہ خانہ ٹو کیس میں بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کی بریت کی درخواستیں خارج کر دیں، دوران سماعت عمران خان کو کمرہ عدالت میں پیش کیا گیا جب کہ بشریٰ بی بی غیر حاضر رہیں۔عدالت نے توشہ خانہ ٹو کیس کی سماعت پیر 18 نومبر تک ملتوی کردی، پیر کو ملزمان پر فرد جرم عائد کیے جانے کا خدشہ ہے ۔واضح رہے کہ 5 نومبر کو عدالت نے توشہ خانہ 2 کیس میں آئندہ سماعت پر بریت کی درخواستوں پر دلائل مکمل کرنے کی ہدایت کی تھی۔عمران خان اور بشریٰ بی بی کے وکیل نے استدعا کی تھی کہ بریت کے حوالے سے متعدد دستاویزات جمع کروانا چاہتے ہیں وقت دیا جائے ، جس پر عدالت نے سماعت کی سماعت 8 نومبر تک ملتوی کردی تھی۔