پی ٹی آئی سیاسی جماعت ہے نشستیں اس نے جیتیں،سپریم کورٹ
شیئر کریں
مخصوص نشستوں کے کیس میں سپریم کورٹ کے آٹھ رکنی اکثریتی بینچ نے وضاحتی حکم جاری کردیا جس میں کہا گیا ہے کہ الیکشن کمیشن کی وضاحت کی درخواست تاخیری حربہ ہے جبکہ فیصلے کی روشنی میں پارٹی سرٹیفکیٹ جمع کرانے والے پی ٹی آئی کے کامیاب امیدوار ہیں۔ مخصوص نشستوں کے حوالے سے الیکشن کمیشن کی وضاحتی درخواست پر سپریم کورٹ نے تحریری آرڈر جاری کر دیا۔خواتین اور اقلیتوں کی مخصوص نشستوں کے کیس میں سپریم کورٹ آف پاکستان کے اکثریتی فیصلہ دینے والے 8ججز نے4صفحات پر مشتمل وضاحتی حکم جاری کردیا۔حکمنامہ میں کہا گیا ہے کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے کی وضاحت کی درخواست تاخیری حربہ ہے جبکہ فیصلے کی روشنی میں پارٹی سرٹیفکیٹ جمع کرانے والے پی ٹی آئی کے کامیاب امیدوار ہیں۔انتخابی نشان نہ ہونے کے باعث سیاسی جماعت کا آئینی و قانونی اختیار ختم نہیں کیا جاسکتا، پی ٹی آئی سیاسی جماعت تھی اور ہے اس نے عام انتخابات میں قومی و صوبائی اسمبلی کی نشستیں جیتیں، مخصوص نشستوں کے کیسز میں فیصلے پر عمل نہ ہوا تو سنگین نتائج برآمد ہوں گے۔حکمنامہ میں کہا گیا ہے کہ الیکشن کمیشن قانونی طور پر فیصلے پر عمل کرنے کاپابند ہے تاہم جیسا کہ نوٹ کیا گیا ہے ،الیکشن کمیشن کی جانب سے فیصلے پر عملدآمد میں مسلسل ناکامی اور انکار کے نتائج ہوں گے۔حکمنامہ میں کہا گیا ہے کہ الیکشن کمیشن فوری اورلازمی طور پراپنی ذمہ داری پوری کرے۔ سپریم کورٹ کے سینئر ترین جج جسٹس سید منصور علی شاہ کی سربراہی میں جسٹس منیب اختر،جسٹس محمد علی مظہر جسٹس عائشہ اے ملک، جسٹس اطہر من اللہ ، جسٹس سید حسن اظہر رضوی، جسٹس شاہد وحید، جسٹس عرفان سعادت خان پر مشتمل 8رکنی اکثریتی بینچ کے ارکان نے چیمبرمیں سماعت کے بعد وضاحتی فیصلہ جاری کیا ہے۔ حکمنامہ میں کہا گیا ہے کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان نے سی ایم اے نمبر7540/2024کے زریعہ سپریم کورٹ کے 12جولائی 2024کے مختصر حکمنامہ کی وضاحت مانگی ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے درست تنظیمی ڈھانچہ کی عدم موجودگی میںکون جتینے والے ارکان قومی اورصوبائی اسمبلی کی پارٹی سے سیاسی وابستگی کی تو ثیق کرے گا،جنہوں نے سپریم کورٹ کے مختصر حکمنامہ کی روشنی میں اپنے بیان جمع کروائے ہیں۔ حکمنامہ میں کہا گیا ہے کہ مختصر حکمنامہ کی کاپی کے علاوہ درخواست کے ساتھ کوئی اوردستاویز نہیں لگائی گئی۔ حکمنامہ میں کہا گیا ہے کہ الیکشن کمیشن کی درخواست پر پاکستان تحریک انصاف نے سی ایم اے نمبر8139/2024داخل کی ہے جس کے ساتھ بہت سی دستاویزات لگائی گئی ہیں جس میں پی ٹی آئی اور کمیشن کے دران خط وکتابت بھی شامل ہے۔ حکمنامہ میں کہا گیا ہے کہ ہم نے اپنے سامنے رکھے گئے مواد پر غور کیا۔ حکمنامہ میں کہا گیا ہے کہ الیکشن کمیشن کی وضاحت کی درخواست تاخیری حربہ ہے، الیکشن کمیشن کی وضاحتی درخواست عدالتی فیصلے پر عمل در آمد کے راستہ میں رکاٹ ہے اور اس کی وضاحت کی درخواست درست نہیں۔سپریم کورٹ کے وضاحتی حکم میں کہا گیا ہے کہ الیکشن کمیشن نے خود بیرسٹر گوہرعلی خان کو پارٹی چیئرمین جبکہ عمر ایوب کان کو پارٹی سیکرٹری جنرل تسلیم کیا، الیکشن کمیشن وضاحت کے نام پر اپنی پوزیشن تبدیل نہیں کر سکتا، فیصلے کی روشنی میں پارٹی سرٹیفکیٹ جمع کرانے والے پی ٹی آئی کے کامیاب امیدوار ہیں۔حکمنامہ میں کہا گیا ہے کہ الیکشن کمیشن قانونی طور پر فیصلے پر عمل کرنے کاپابند ہے تاہم جیسا کہ نوٹ کیا گیا ہے ،الیکشن کمیشن کی جانب سے فیصلے پر عملدآمد میں مسلسل ناکامی اور انکار کے نتائج ہوں گے۔حکمنامہ میں کہا گیا ہے کہ الیکشن کمیشن فوری اورلازمی طور پراپنی ذمہ داری پوری کرے۔ وضاحتی فیصلے میں کہا گیا ہے کہ متذکرہ بالا وضاحتوں کے ساتھ موجودہ درخواست نمٹائی جاتی ہے۔ 8ججز نے سپریم کورٹ آفس کوہدایت کی ہے کہ اس حکمنامہ کی کاپی متعلقہ فریقین کو بھجوائی جائے۔عدالت عظمی کے جسٹس منصور علی شاہ، جسٹس منیب اختر، جسٹس اطہر من اللہ، جسٹس عائشہ ملک، جسٹس محمد علی مظہر، جسٹس حسن اظہر رضوی، جسٹس شاہد وحید، جسٹس عرفان سعادت اکثریتی بینچ کے فیصلے میں شامل ہیں۔