وزیرخزانہ بتائیں مہنگائی کیوں بڑھ رہی ہے، نور عالم خان برس پڑے
شیئر کریں
چیئرمین پی اے سی نورعالم خان فرینڈلی اپوزیشن ہونے کے باوجود حکومت پر برس پڑے اور کہا ہے کہ اس حکومت کا ہنی مون پیریڈ گزر چکا ہے ۔ پیر کو قومی اسمبلی اجلاس کے دور ان انہوںنے کہاکہ بتائیں مہنگائی کیوں بڑھ رہی ہے ،حکومت کو میں نے پی اے سی کے پلیٹ فارم سے بی آرٹی سمیت بہت سے مقدمات بھیجے گئے ہیں مگر حکومت نے کچھ بھی نہیں کیا ۔ انہوںنے کہاکہ کیا حکومت اداروں کو گالیاں دینے والوں سے ملی ہوئی ہے ،اداروں کو گالیاں دینے والوں سے حکومت کا کوئی مک مکا تو نہیں ہوگیا ہوا ۔ انہوںنے کہاکہ سابقہ حکومت نے آئی ایم ایف سے غلط معاہدے کئے ہیں تو حکومت وہ معاہدے ایوان میں پیش کرے ۔ انہوںنے کہاکہ اگر حکومت نے ایکشن نہ لیا تو میں عدالتوں میں جائوں گا۔نورعالم خان نے کہاکہ حکومت بتائے فوج اور عدلیہ کے خلاف بولنے والوں کے خلاف کیا ایکشن لیا ۔ اجلاس کے دور ان مولانا عبد الاکبر چتراتی نے کہاکہ پچھلے دنوں افغانستان میں ہمارے قونصل خانے پر دہشت گرد حملہ کیا گیا ،اس کے بعد روزانہ کی بنیاد پر افغانستان سے حملے ہورہے ہیں ،افغانستان ایک وفد بھیجا جائے اور ان سے پوچھا جائے کہ کیوں فائرنگ کی جاتی ہے ،وہ کون لوگ ہیں جو یہ تفریق بڑھانا چاہتے ہیں ۔ انہوںنے کہاکہ افغانستان اور پاکستان دو برادر ملک ہیں ،حنا ربانی کھر بھیجا گیا جس کا اچھا اثر نہیں ہوا۔صلاح الدین ایوبی نے کہاکہ بارڈر پر لڑائی چل رہی ہے ،اس پار اور اس پار بھی ایک ہی قبیلے کے لوگ شہید ہورہے ہیں ،وہاں کے ڈپٹی کمشنر کے پاس کیا اختیارات ہیں ،پاکستان افغانستان کا تعلق بہت ضروری ہے ،یہاں ایک با اختیار کمیٹی ہونی چاہیے جو یہ مسئلہ کرے ۔ انہوںنے کہاکہ آپس میں لوگ لڑ رہے ہیں یہ کیا کوئی طریقہ ہے ؟سپیکر قومی اسمبلی کی سربراہی میں ایک کمیٹی بنائی جائے ،وہ کمیٹی مزاکرات کرے ،اب بھی سنجیدہ نہیں ہونگے تو کیا بنے گا ۔ انہوںنے کہاکہ جب امریکہ طالبان کے ساتھ مذاکرات کرسکتا ہے تو ہم کیوں نہیں ،ہم افغانستان کے ساتھ مذاکرات کیوں نہیں کرسکتے ۔وفاقی وزیر شازیہ مری نے کہاکہ حنا ربانی کھر کے افغانستان جانے پر ایک رکن نے اعتراض کیا ہے،حنا ربانی کھر کے بارے اس بیان اور تنگ نظری کی مذمت کرتی ہوں۔ وفاقی وزیر نے کہاکہ وزیر خارجہ برائے مملکت کی تمام کوششوں پر فخر ہے،پوری دنیا نے سراہاپاکستان نے اپنی خاتون وزیر خارجہ کو افغانستان بھیجا۔


