میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
بچے کی لاش موٹر سائیکل پر لے جاتے ہوئے حادثہ، والد ، چچا بھی جاں بحق

بچے کی لاش موٹر سائیکل پر لے جاتے ہوئے حادثہ، والد ، چچا بھی جاں بحق

ویب ڈیسک
اتوار, ۱۵ ستمبر ۲۰۱۹

شیئر کریں

سندھ کے چوتھے بڑے شہر میرپورخاص میں ڈھائی سالہ بچے کی لاش موٹر سائیکل پر کھپرولے جاتے ہوئے حادثہ پیش آیا، جس کے نتیجے میں بچے کاوالد اور چچا بھی جاں بحق ہوگئے ۔بچے کے نانا نے الزام لگایا ہے کہ سرکاری ایمبولینس کے لیے ڈرائیور نے 25 سو روپے مانگے تھے ۔وزیراعلیٰ سندھ کی ہدایت پر محکمہ صحت نے دو رکنی تحقیقاتی کمیٹی قائم کردی۔تفصیلات کے مطابق میر پور خاص میں سندھڑی روڈ پر ٹرک کی ٹکر سے 2 موٹرسائیکل سوار جاں بحق ہو گئے ، دونوں افراد سول اسپتال سے ڈھائی سالہ بچے کی میت کھپرو میں واقع گھر لیکر جا رہے تھے ۔بچے کے نانا نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے الزام لگایا ہے کہ ایمبولینس کے لیے ڈرائیور نے 25 سو روپے مانگے ، ہماری جیب میں صرف 300 روپے تھے ، بہت منتیں کیں لیکن ایمبولینس کا ڈرائیور نہیں مانا، جس پر میت کو موٹر سائیکل پر لے جانے کا فیصلہ کیا۔سول اسپتال کے ایم ایس ڈاکٹر خلیل میمن کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ بچے کے والد اور چچا اسپتال انتظامیہ کو بتائے بغیر میت لے کر چلے گئے ، میت لے جانے کے لیے ایمبولینس نہیں مانگی گئی۔ وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے واقعہ کا نوٹس لے لیا اورمحکمہ صحت کو فوری رپورٹ دینے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ غفلت برتنے والے ذمہ داروں کے خلاف فوری ایکشن لیا جائے ۔دوسری جانب ڈی جی ہیلتھ سندھ کا کہنا ہے کہ میرپورخاص کے اسپتال میں مجرمانہ غفلت ہوئی، ایک ایمبولینس ایم ایس اپنے گھر لے گئے ، ایمبولینس فراہم کرنا ہماری ذمہ داری ہے اس کی کوئی فیس نہیں ہے ۔ڈاکٹر مسعود سولنگی نے کہا کہ یہ ان کی ڈیوٹی ہے کہ بغیر پیسے سہولت فراہم کریں، 20 گریڈ افسران پر مشتمل 2 رکنی انکوائری کمیٹی بنادی ہے ، انکوائری پیر تک مکمل ہوجائے گی، ذمہ داروں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ پولیس کے مطابق واقعے پر تین مختلف تحقیقات ہو رہی ہیں کیونکہ محکمہ صحت اور ڈپٹی کمشنر نے الگ الگ تحقیقات کاحکم دیا ہے ،جب کہ پیپلز پارٹی کے ایم این اے میر منور تالپور نے بھی تین رکنی کمیٹی بنائی ہے ۔ پولیس کے مطابق تینوں تحقیقاتی رپورٹس آج ہی پیش کی جائیں گی۔


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں